مظفرآباد (آئی این پی) وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ اہل پاکستان کے شکر گزار ہیںجو کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں ۔ وزیر اعظم نواز شریف کا ریاستی دارالحکومت میں تشریف لانا کشمیریوں کے لیے حوصلہ افزا بات ہے جس پر اہل کشمیر وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ وزیر اعظم کی طرف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر نہایت بے باکی جرات و دلیری سے پیش کیا ۔ وزیر اعظم کے خطاب سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے جس پر پوری کشمیری قوم کی طرف سے وزیراعظم پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ یوم یکجہتی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر سے بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خاتمے تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ یوم یکجہتی کے موقع پر پاکستان کا شکریہ اد اکرتے ہیں۔ مشکل کی ہر گھڑی میں اہل پاکستان نے کشمیر کا بھر پور ساتھ دیا ۔ پاکستان اہل کشمیر کی منزل ہے اور اس منزل کا روڈ میپ ہمارے آبائو اجداد نے دے رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مستحکم اور جمہوری پاکستان اہل کشمیر کی منزل ہے ۔ پاکستان کے استحکام ، بقاء سلامتی کیلئے اہل کشمیر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریںگے ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر یہاں یوم یکجہتی کے موقع پر آزاد کشمیر اسمبلی و کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر راجہ فاروق حیدر نے بھی خطاب کیا۔