ڈی آئی خان+ باجوڑ ایجنسی+ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) ڈیرہ اسماعیل خان میں ضلع کچہری اور صوبائی وزیر مال کی رہائشگاہ کے قریب بم دھماکے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔ باجوڑ ایجنسی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ایک ٹرک سے بارودی مواد کی 100 بوریاں برآمد کرلی گئیں۔ سوات میں ایک نامعلوم شخص کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں بم دھماکے کے دوران 3 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد سائیکل میں نصب تھا زخمیوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔ زخمی افراد کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دھماکہ صوبائی وزیر مال خیبر پی کے علی امین گنڈا پور کے گھر کے قریب ہوا۔ علاوہ ازیں باجوڑ ایجنسی میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ٹرک سے 100 بوریوں میں بھرا ہوا 2500 کلو بارودی مواد برآمد کرلیا۔ اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ کے مطابق باجوڑ ایجنسی میں بارود سے بھرا ٹرک قبضے میں لے لیا گیا ہے جس میں بارود سے بھری 100 بوریاں برآمد کرلی گئی ہیں۔ بوریوں میں 2500 کلو گرام بارودی مواد بھرا ہوا تھا جبکہ کارروائی کے دوران ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ لیویز نے ٹرک کو قبضے میں لیکر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ گلبہار شاہین ٹائون میں ڈیوٹی پر مامور کانسٹیبل ناصر کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا، زخمی پولیس اہلکار کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پشاور کے رہائشی علاقہ فقیر آباد میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن میں 33 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ہونے والوں میں 13 افغان باشندے بھی شامل تھے۔گرفتار افراد سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں باغ سوات میں پولیس اہلکار تحصیل میونسپل دفتر کے قریب ڈیوٹی پر مامور تھا ایک نامعلوم شخص نے اس پر فائرنگ کر دی اور فرار ہو گیا۔ سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گیرے میں لے لیا۔ ادھر کوہلو کے علاقے بیرنگ میں گاڑی سے 25 مارٹر گولے برآمد ہوئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ایس ایچ او سمیت 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ فورسز نے ایس ایچ او محمد ظفر کو سرکاری گاڑی میں گولے لے جاتے پکڑا۔ علاوہ ازیں پولیس، رینجرز اور حساس اداروں نے راولپنڈی کے علاقے پنڈی گھیپ میں سرچ آپریشن کیا جس کے دوران 59 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے 7 موٹرسائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں مسجد میں دھماکہ ہوا جس سے مسجد شہید ہو گئی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ لیویز ذرائع کے مطابق دھماکہ تحصیل گلستان کے علاقے عمران زئی میں ایک مسجد میں ہوا، جہاں نامعلوم دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد مسجد میں نصب کیا تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا ۔ علاوہ ازیں دیر میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کر لیا سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد شاہ حسین کے سر کی قیمت 20لاکھ روپے مقرر تھی۔