گڈز ٹرانسپورٹرز کا پہیہ جام ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

Feb 06, 2016

کراچی(وقائع نگار/ سٹاف رپورٹر) گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد خان نے وزیراعلیٰ کی یقین دہانی کے بعد پہیہ جام ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ جمعہ کو ملاقات کے دوران خالد خان نے وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس کے بعد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے وفد کو سندھ حکومت کی جانب سے ہرممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ سندھ کی یقین دہانی پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی پہیہ جام ہڑتال کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔ بعدازاں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ممتاز جکھرانی، کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ طحہٰ فاروقی اور گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد خان نے وزیراعلیٰ ہائوس میں مشترکہ طور پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقعہ پر گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹرز پر ٹیکسز کی بھرمار ہے۔ انہوں نے شہر میں مختلف مقامات ٹریفک پولیس کے رویہ اور گاڑیوں سے لوٹ مار اور مکمل سیکیورٹی کی فراہمی کا مطالبہ کیا اور انہوں نے گاڑیوں کیلئے 200اسلحہ لائسنس دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ایک غیر سیاسی تنظیم ہے اور ہم نے ملک کے وسیع تر مفاد میں ہڑتال کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت ٹرانسپورٹرز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریگی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے شکایتی سیل قائم کیا جائیگا،جوکہ24گھنٹے کام کریگا اور شکایتی سیل میں ٹرانسپورٹرز اپنی درپیش شکایات کااندراج کرا سکیں گے۔

مزیدخبریں