کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ملک میں مذہبی ہم آہنگی کیلئے کام کر رہے ہیں، وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کراچی پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 650 سے زائد مدارس رجسٹریشن کروا چکے ہیں جبکہ مزید 1500 مدارس کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ مدارس اور تعلیمی اداروں کا نصاب یکساں ہونا چاہئے۔ ملک میں مذہبی ہم آہنگی کیلئے کام کررہے ہیں۔ حج کے انتظامات میں بہتری آئی ہے، مزید بہتری لائیں گے۔ حج کے اخراجات 3 لاکھ سے کم کرکے ڈھائی لاکھ پر لے کر آئے ہیں۔ نظام صلوۃ کا سلسلہ اسلام آباد سے شروع کیا ہے۔ سندھ میں نظام صلوۃ کیلئے کمیٹیاں قائم کی ہیں۔ جمعہ کے خطبہ کیلئے ضابطہ اخلاق پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔ عربی کے علاوہ دیگر زبانوں میں تقاریر کا ضابطہ اخلاق بنایا ہے کسی کیخلاف فتویٰ یا نفرت انگیز تقریرنہیں کی جا سکتی۔ مدارس میں انگلش سکھانے کیلئے سنٹر بنائے جانے کی تجویز ہے۔ پانچویں جماعت تک قرآن پاک کی تعلیم لازمی قرار دینے کیلئے قانون سازی کی جا رہی ہے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں مذہبی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی ہے، صوبے میں مدارس کی رجسٹریشن تقریباً مکمل کرنے والے ہیں، نفرت و اشتعال انگیز تقاریر کرنے پر مقدمات درج ہوئے ہیں اور گرفتاریاں بھی ہوئیں ہیں۔ جمعہ کو وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملاقات کی۔