ہارون رشید نے ایشیا کپ، ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سکواڈ میں زیادہ تبدیلیوں کا امکان مسترد کر دیا

دبئی(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے ٹی ٹونٹی ایشیا کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے قومی سکواڈ میں زیادہ تبدیلیوں کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ مزید کوئی تجربہ نہیں کرنا چاہتے، دونوں ٹیموں کا انتخاب کپتان اور کوچ کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے پہلے تین میچوں میں کوئی نیا ٹیلنٹ سامنے نہیں آ سکا ہے جس کے بارے میں کہا جا سکے کہ وہ میگا ایونٹس کے لیے قومی سکواڈ کا حصہ بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات بھی درست ہے کہ ٹیم میں شامل بعض تجربہ کار کھلاڑی مسلسل آوٹ آف فارم ہیں وہ پاکستان سپر لیگ میں بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے ہیں۔ پی ایس ایل کے تین روز تک کھیلے جانے والے میچز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک سے دو روز میں ایشیا کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سکواڈ کا اعلان کر دیا جائے گا۔سلیکشن کمیٹی اپنا کام ایمانداری سے کر رہی ہے تاہم ٹیم کے انتخاب میں کپتان اور کوچ کی مشاورت بھی ضرور لی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض سینئر کھلاڑیوں نے اپنی ناقص کارکردگی کی بنا پر مایوس کیا ہے ہمیں بڑی توقع تھی یہ کھلاڑی اپنا ردھم حاصل کر لینگے لیکن ایسا دکھائی نہیں دیتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں زیادہ وقت باقی نہیں بچا رہا لہذا کوئی بڑا تجربہ نہیں کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ سے کوئی نیا ٹیلنٹ سامنے نہیں آیا ہے جس کے بارے میں کہا جا سکے کہ وہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سکواڈ میں جگہ بنانے کے لیے قابل ہے۔ سلیکشن کمیٹی کے تمام ارکان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔ امید ہے کہ جو بھی ٹیم منتخب کی جائے گی وہ ایشیا کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ملک و قوم کی لاج رکھے گی۔

ای پیپر دی نیشن