”ڈیپوٹیشن“ کے مزے لوٹنے والوں کو متعلقہ اداروں میں واپس بھجوانے کا فیصلہ

Feb 06, 2017

اسلام آباد (سجاد ترین) وفاقی وزارتوں میں تعینات ڈیپوٹیشن افسران کو اپنے اپنے متعلقہ اداروں میں واپس بھجوانے کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ انتہائی ذمہ دار حکومتی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بعض اہموزارتوں میں کچھ افسران ڈیپوٹیشن پر آ کر انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں جس سے متعلقہ وزارت کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت نے ایک خفیہ سروے کروایا ہے جس کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ مختلف وزارتوں اور ان کے ذیلی اداروں میں کام کرنے والے افسران کی ناقص کارکردگی ہے اور بعض ایسے افسران اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے بھی پائے گئے ہیں جس کے بعد حکومت نے تمام وفاقی وزارتوں اور متعلقہ اداروں میں ڈیپوٹیشن پر کام کرنے والے افسران کو فوری طورپر واپس اپنے اپنے اداروں میں بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے اپنی وزارت اور متعلقہ ادارے ایف آئی اے سے بہت بڑی تعداد میں ڈیپوٹیشن پر موجود افسران کو واپس ان کے متعلقہ اداروں میں بھجوایا تھا اور ان افسران میں اکثریت کا تعلق صوبہ سندھ سے تھا جو شعبہ تعلیم کے افسران تھے مگر پیپلز پارٹی کی حکومت میں ایف آئی اے میں ڈیپوٹیشن پرآکر اپنے فرائض سرانجام دیتے رہے تھے۔

مزیدخبریں