پیر علاﺅالدین صدیقی نیریاں شریف میں سپرد خاک، نماز جنازہ پیر سلطان العارفین نے پڑھائی

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) عالمی مبلغ اسلام‘ معروف روحانی پیشوا‘ ممتاز دینی سکالر اور سجادہ نشین نیریاں شریف آزاد کشمیر پیر علا¶ الدین صدیقی کو اتوار کی رات ہزاروں علماءو مشائخ‘ عقیدت مندوں اور عوام کی اشکبار آنکھوں کے سامنے نیریاں شریف میں سپردخاک کر دیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ بڑے صاحبزادے پیر سلطان العارفین نے پڑھائی۔ چھوٹے صاحبزادے نے اظہار تشکر کیا اور سجادہ نشین موہڑہ شریف پیر اولیاءبادشاہ فاروق نے مرحوم کی بلندی درجات کے لئے اجتماعی دعا کرائی۔ نماز جنازہ میں آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار محمد یعقوب خان‘ سابق وزیراعظم اور مسلم کانفرنس کے صدر پیر محمد امین  الحسنات شاہ‘ قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چودھری محمد یاسین‘ ڈپٹی سپیکر سردار فاروق احمد طاہر‘ سابق وزیر و ممبر اسمبلی علی شان سونی‘ سجادہ نشین گولڑہ شریف پیر سید غلام نظام الدین جامی‘ ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمن ، صاحبزادہ عثمان قادری نیک آبادکے علاوہ اندرون و بیرون ملک سے عقیدت مندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے‘ عقیدت مند اپنے روحانی پیشوا کی وفات پر دھاڑیں مار کر رو رہے تھے۔ جمعیت علماءجموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل اور اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر مولانا امتیاز احمد صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے مرحوم کی دینی‘ علمی و روحانی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ تراڑ کھل سے نیریاں شریف تک ٹریفک مشکلات کے باوجود ٹریفک پولیس رش سے ایمبولینس نکال کر نیریاں شریف پہنچانے میں کامیاب ہوئی۔ نماز جنازہ مقررہ وقت سے دو گھنٹے کی تاخیر سے چھ بجے ادا کی گئی۔ میت کو اسلام آباد ائرپورٹ سے صبح ساڑھے دس بجے قافلے کی صورت میں سہنسہ‘ سرساوہ‘ بلوچ کے راستے لایا گیا تھا۔ سردار عتیق احمد خان ایمبولینس میں سوار تھے جس میں تابوت رکھا گیا تھا۔ راستے میں متعدد مقامات پر خواتین اور مرد سڑک کے کنارے سوگوار کھڑے تھے۔ سدہنوتی کی انتظامیہ نے ٹریفک اور سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کر رکھے تھے۔

ای پیپر دی نیشن