اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے پارلیمانی جماعتوں کا چوتھا مشاورتی اجلاس (کل) منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں طلب کرلیا۔ حکومتی اتحاد میں شامل جمعیت علماء اسلام (ف) نے ترمیم سے دہشتگردی کو مذہب و مسلک سے منسلک کرنے کی شق کو نکالنے پرمشروط حمایت کا عندیہ دیا ہے نیشنل ایکشن پلان پر بریفنگ کے لئے اجلاس کا نوٹس وزارت داخلہ کو بھی بھیج دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیرقانون و انصاف زاہد حامد ان معاملات پر اپوزیشن جماعتوں کو مطمئن نہ کرسکے تھے جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے وزارت داخلہ کو براہ راست جوابات دینے کی ہدایت کردی ہے۔ پارلیمانی لیڈرز کا چوتھا مشاورتی اجلاس منگل کو آئینی روم میں ہوگا۔ مسلم لیگ (ن)‘ پیپلز پارٹی‘ تحریک انصاف‘ جماعت اسلامی ‘ جے یو آئی (ف) ‘ ایم کیو ایم ‘ اے این پی‘ مسلم لیگ (ق)‘ پختونخوا ملی عوامی پارٹی ‘ قومی وطن پارٹی اور دیگر جماعتوں کے رہنما اجلاس میں شریک ہونگے۔