کشمیر پاکستان کی شہ رگ‘ بھارتی قبضہ کی شدید مذمت کرتے ہیں: شاہ محمود قریشی

Feb 06, 2017

ملتان (نامہ نگار) دربار حضرت شاہ رکن الدین عالم کے سالانہ تین روزہ عرس کی اختتامی تقریب کے موقع پر منعقدہ قومی شاہ رکن عالم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے درگاہ عالیہ کے سجاد نشین شاہ محمود حسین قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس پر بھارت کے قبضہ کی شدید مذمت کرتے ہیں کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی آج نوجوانون میں منتقل ہو گئی ہے جس سچے جذبے کے ساتھ اس آزادی کی تحریک میں شامل ہیں جن کے ہاتھوں میں بندوق نہیں بلکہ سچا جذبہ ہے کشمیریوں پر بھارتی مظالم افسوسناک ہیں جس کی مذمت کرتے ہیں ۔ جماعث غوثیہ اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں کشمیریوں کی آواز سنائی دیتی ہے یورپ ، امریکہ سمیت پوری دنیا میں کشمیریوں کے حق میں ریلیاں نکالی جارہی ہیں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی نے ایک نئے باب کا آغاز کر دیا ہے برہان وانی کی شہادت سے کشمیری نوجوانوں میں ایک نیا جوش ولولہ پیدا ہو گیا ہے۔ نوجوانوں کی جدوجہد سے مقبوضہ کشمیر ضرور جلد آزاد ہوگا۔ انہوں نے کہا ہے کہ آج امریکہ اور یورپ میں لوگ لاکھوں کی تعداد میں اسلام قبول کر رہے ہیں دہشت گردی اور امریکہ اور یورپ کیلئے لمحہ فکریہ بن چکی ہے جس کی وجہ سے امریکہ افغانستان سے مذاکرات کر رہا ہے۔ دہشت گردی کی لہر نے امریکہ اور یومپ کے دانشوروں کو صوفیائے کرام کے فلسفہ کو سمجھنے پر مجبور کر دیا ہے ۔ مرید حسین قریشی نے قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہے کہ تمام زائرین عقیدت سے مزار پر حاضری دیں یہاں سے کوئی خالی ہاتھ نہیں جائے گا بلکہ تمام عقیدت مند جھولیاں بھر کر جائیں گے جماعت اہل سنت پاکستان کے سربراہ علامہ پروفیسر سید مظہر شاہ کاظمی نے عرس کی اختتامی دعا کراتے ہوئے کہا ہے کہ اے اللہ عرس کی تقریب میں شریک ہر زائرین کی پریشانی دور کر اور اس آستانے سے حسد کرنے والوں کو نیک راہ دکھا ۔ سابق ممبر اسلامی نظریاتی کونسل مفتی غلام مصطفی رضوی نے کہا ہے کہ جب تک ہم اولیاء کرام کے پیغامات پر عمل پیرا ہونگے اس وقت تک معاشرے میں امن قائم نہیں ہوسکے گا ۔ پروفیسر عبدالقدوس صہیب نے کہا ہے سوچی سمجھی سازش کے ذریعے اولیاء کرام کی درگاہوں کے خلاف سازش کی جارہی ہے ۔ قاری خادم حسین سعیدی ، کنور سلطان ، غلام فرید اظہر نے کہا ہے کہ اولیاء کرام کے آستانوں سے امن و آشتی کا پیغام ملتا ہے ۔

مزیدخبریں