پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی پناہ گاہ نہیں‘ بے بنیاد الزامات کا سلسلہ بند کیا جائے : امریکی میڈیا

Feb 06, 2017

واشنگٹن(آئی این پی ) امریکی میڈیا نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنے سرحدی علاقوں میںہر قسم کے دہشتگردی کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے میں قابل ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں، پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کی بدولت آج سرحدی علاقے مکمل طور پر دہشت گردوں سے کلیئر کرا لیے گئے اور عسکریت پسندوں کے نیٹ ورک کے تمام کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچے کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کے اندر کسی بھی دہشتگرد گروپ کے لئے کوئی پناہ گاہ نہیں ہے ۔ پاکستان پر لگائے جانے والے بے بنیاد الزامات بند ہونے چاہیں۔معروف امریکی اخبار” واشنگٹن پوسٹ “میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں کہا گیا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان میں القاعدہ کی قیادت کی موجودگی کے حوالے سے بے بنیاد الزامات پاکستان اور امریکہ کی انٹیلی جنس کمیونٹی کے درمیان تعاون جس کے تحت حالیہ برسوں میں القاعدہ کے بڑی تعداد میں لوگوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا کو متاثر کرسکتا ہے ۔ بد نام زمانہ القاعدہ کے رہنما ابو زبیدہ ، رمذی بن الشعیبی، خالد شیخ محمد اور یونس الموریطانی کو پاکستان کے موثر تعاون کے باعث گرفتار کیا گیا تھا ۔ سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر جارج ٹینیٹ سمیت سینئر امریکی حکام نے بھی القاعدہ سمیت دیگر دہشت گرد نیٹ ورکس کا کھوج لگانے کے لئے شاندار پاکستانی تعاون کی توثیق کی ہے ۔ ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں کمی اور امن و امان کی بہتر صورتحال کے ساتھ پاکستان پہلے اقتصادی بحالی کے راستے پر چل رہا ہے ۔ امید ہے کہ پاکستان پر لگائے جانے والے بے بنیاد الزامات سے گریز کیا جائے گا ۔

مزیدخبریں