را اور این ڈی ایس نے سی پیک کے منصوبوں کو نقصان پہنچانے کی مبینہ منصوبہ بندی کر رکھی ہے وزارت داخلہ

Feb 06, 2018

اسلام آباد (بی بی سی ) پاکستان کی وزارت داخلہ نے گلگت بلتستان کی حکومت سے صوبے میں اقتصادی راہداری کے حوالے سے جاری منصوبوں کی سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کیلئے کہا ہے۔ وزارت داخلہ نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے گلگت بلتستان کی حکومت کو سکیورٹی سخت کرنے کی تاکید کی ہے۔تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بعض ملک دشمن خفیہ اداروں جن میں بھارت کی خفیہ ایجنسی را اور افغانستان کی این ڈی ایس شامل ہے، نے گلگت بلتستان میں سی پیک کے حوالے سے جاری منصوبوں کو نقصان پہنچانے کی مبینہ منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔اس خطرے کے پیش نظر سی پیک کے تمام منصوبوں کی حفاظت کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔بی بی سی کے مطابق بھارت ماضی میں بھی سی پیک کا مخالف رہا ہے اور خصوصی طور پر بھارت نے گلگت بلتستان میں اس حوالے سے جاری منصوبوں پر اعتراضات اٹھائے تھے جنھیں چین نے مسترد کر دیا تھا۔وزارت کے حکم نامے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ اس ضمن میں سکیورٹی انتظامات کو سخت کریں۔ ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سےجاری الرٹ کے بعد سی پیک روٹ پر موجود آر سی سی پلوں کو دشمن طاقتوں کی جانب سے خطرات لاحق ہیں۔ حکومت نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے نام سے 700 اسامیاں منظور کی ہیں جن پر بھرتیوں کا عمل شروع کیا جائیگا تاکہ سی پیک روٹ کو مزید محفوظ بنایا جاسکے۔
سی پیک

مزیدخبریں