برٹش پاکستانی نژاد کامیڈین مانی لیاقت

Feb 06, 2018

فرزانہ
برٹش پاکستانی نژاد مانی لیاقت یو۔کے کے رجسٹرڈ کامیڈین فنکار ہیں۔ انہوں نے 2000ء میں یو۔کے میں ہونے والے ’’گریٹ انڈیا لافٹر چیلنج‘‘ یو ۔کے میں حصہ لیا اور واحد پاکستانی ہیں جنہوں نے ’’گریٹ انڈیا لافٹر چیلنج‘‘ فائنل جیتا۔ ان کویو ۔کے کے معروف کامیڈین ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ اپنی بہترین پرفارمنس پر british bafa ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے امریکہ اور یورپ میں پرفارم کیا۔ وہ ون مین شو کرتے ہیں۔ یوکے میں ہونے والے تمام کلچرل ، ایڈورٹائزنگ ، پراجیکٹ لانچنگ ، ٹی وی ایوارڈ اور پرائیویٹ تقریبات کے میوزیکل شوز کے لیے صرف ان کا ہی انتخاب کیا جا تا ہے ۔وہ بی بی سی ریڈیو اور ٹی وی شوز کے لیے بھی میزبانی کے فرائض انجام دیتے ہیں۔ ہم ٹی وی کے دو ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ ہالی وڈ اور بالی وڈ کے لیے بھی کام کر چکے ہیں۔ بالی وڈ اداکارہ ماہیما چودھری کے ساتھ انہوں نے فلم پوشر میں کام کیا ہے۔ وہ contemporary theater '' {{{{{یو۔کے میں بھی کام کرتے ہیں۔ بالی وڈ اداکاروں شاہ رخ خان، کترینہ کیف، انیل کپور ، رتیک روشن وغیرہ کے لندن میں ہونے والے میوزیکل شوزکے میزبانی کے فرائض نبھاتے ہیں۔ ڈی ایم ڈیجیٹل ٹی وی کا پروگرام ’’کنٹرول روم‘‘ میں انہوں نے 14 مختلف معروف شخصیات فردوس عاشق اعوان، مِیرا، مولانا فضل الرحمن، الطاف حسین، سہیل وڑائچ وغیرہ کے کردار نبھائے، جن میں ان کی اداکاری کو سراہا گیا۔ مانی لیاقت تین زبانوں اردو، انگریزی اور پنجابی میں پرفارم کرتے ہیں۔ یو کے سٹار ٹی وی چینل کے کئی ایک شوز کی میزبانی کے فرائض نبھا چکے ہیں۔ یوکے چینل کے پروگرام’’لائیو یو ۔کے‘‘ کے تمام شوز کی میزبانی کے فرائض انجام دینے کا ان کو اعزاز حاصل ہے۔ گوروں کے ’’سِسٹ کام‘‘ میں بھی فنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔ رواں سال مارچ میں ان کا ہالی وڈ کا ایک میگا پراجیکٹ لانچ ہونے والا ہے۔ 2010ء میں ان کو ’’ہائوس آف کامرس‘‘ کی طرف سے خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔ سائوتھ ایشین فارمنگ آرٹ سوسائٹی میں بھی کام کر چکے ہیں۔ ہم ٹی وی کا ڈرامہ سیریل ’’سرد آگ‘‘ میں عابد علی، نعمان اعجاز کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔ گذشتہ دنوں کامیڈین، میزبان اور اداکار مانی لیاقت پاکستان آئے ایک ملاقات کے دوران انہوں نے اپنے فنی سفر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ’’میں حادثاتی طور پر شوبز کی دنیا میں آیا ہوں، مگراب اداکاری میرا جذبہ حیات ہے ۔مزاحیہ اداکاری ہو یا سنجیدہ دونوں میں اپنی فنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر شہرت کے آسمان کو چُھونا چاہتا ہوں۔ میں نے اب تک جتنا بھی کام کیا ہے اس کو بہت سراہا گیا اور میں نے کئی ایوارڈز بھی حاصل کئے۔ بچپن میں اداکار ننّھا مرحوم کی اداکاری سے متاثر تھا۔ اداکار ننھا میرے والد کے دوست تھے۔ ان کے گروپ میں اداکارہ بابرہ شریف بھی شامل تھیں۔ میرے والد نے سیالکوٹ میں اداکار ننّھا کا میوزیکل شو ’’نوکر ووہٹی دا کروایا تھا۔ ان کا ہمارے گھر آنا جانا تھا۔ بس ان کو دیکھتے دیکھتے میرے اندر بھی اداکاری کا کیڑا پیدا ہو گیا۔ میں لندن میں ایک کمپنی میں مینجر کی ملازمت کر رہا تھا کہ ان دنوں یوکے میں ’’گریٹ انڈیا لافٹر چیلنج‘‘ پروگرام شروع ہوا۔ میری ایک دوست جو میک اپ آرٹسٹ تھی اس نے میرا ایک کامیڈی کلپ ’’گریٹ انڈیا لافٹر چیلنج‘‘ والوں کو بھیج دیا۔ انہوں نے مجھ سے رابطہ کیا اور میرا ایڈیشن ہوا اور میرا انتخاب کرلیا گیا۔ اس میںتین چار ہزار فنکاروں نے حصہ لیا۔ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں فائنل میں پہنچا اور فائنل جیتا۔ انڈین میں کپل شرما نے فائنل جیتا تھا۔ اس وقت بالی وڈ کی چار فلمیں میں نے سائن کیں اور میرا انعام یہ تھا کہ اب آپ نے انڈیا جا کر پرفارم کریں لیکن پاکستانی ہونے کی وجہ سے مجھے انڈین ایمبسی نے ویزا نہیں دیا۔‘‘
مانی لیاقت نے بتایا ’’ میں یوکے کا رجسٹرڈ آرٹسٹ ہوں۔ میں نے اپنا برانڈ ''Comedy take away'' متعارف کروایا ہے۔ جس کو چھ سال ہو چکے ہیں۔ اس کے ذریعے نئے ٹیلنٹ کو متعارف کرواتا ہوں اور دوسرا چیراٹی شوز کر کے اس کی آمدن چیراٹی پراجیکٹ کو دیتا ہوں جیسے شوکت خانم ہسپتال ہے۔ بی بی سی نے خصوصی طور پر میرا بیس منٹ کا فیچر ’’لائیو دی مانی لیاقت‘‘ بنا کے ٹیوی پر دکھایا۔ مانچسٹر میں ہونے والے تمام شوز کا میںواحد میزبان ہوں۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ میرا متعارف کروایا ٹیلنٹ فن کی دنیا میں پھل پھول رہے ہیں۔ مانی لیاقت کا کہنا ہے کہ میں اپنے آپ سے اتنی محبت کرتا ہوں کہ میں اس کے لیے کچھ بھی کر سکتا ہوں۔ اس لیے اپنے مشن یعنی اداکاری کے فن کو پروان چڑھانے کے لئے آج بھی اتنی قوت ، لگن اور شوق سے جدوجہد کرتا ہوں جتنی پہلے دن کی۔ اللہ تعالیٰ کا مجھ پر بہت کرم ہے۔ میری شوبز میں اتنی مصروفیت بڑھ چکی ہے کہ مجھے ملازمت چھوڑنی پڑی۔ مانچسٹر میں بی بی سی ریڈیو پر ہر سال رمضان میں وہاں پر مقیم سلیم کمیونٹی کے لیے خصوصی رمضان پروگرام کرتا ہوں، جس میں نعتیہ مقابلہ بھی کرایا جاتا ہے جس میں مسلمان بچے شوق سے حصہ لیتے ہیں۔ یوکے میں میری کام کی شہرت کی وجہ سے پاکستان میں بھی مجھے کئی ایک ٹی وی چینل نے اپنے پروگراموں میں مدعو کیا۔ میں عمر شریف کے ساتھ بھی کام کر چکا ہوں۔ شاہ رخ خان اپنے ہر شو کی میزبانی کے لیے صرف میرا انتخاب کرتے ہیں۔ برٹش بفٹا اکیڈمی ایوارڈ کا ملنا میری فنی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔ ہم ٹی وی کا پاکستان اچیومنٹ ایوارڈ انٹرنیشنل (IPPA) ایوارڈ شو عائشہ ثناء کے ساتھ ہوسٹ کر چکا ہوں۔ یوکے پریس کلب کی طرف سے حوصلہ افزائی ایوارڈ حاصل کر چکا ہوں۔‘‘
گفتگو سمیٹتے ہوئے کامیڈین مانی لیاقت نے بتایا ’’میں نے اس قدر لائیو مزاحیہ شوز کئے ہیں کہ اب یوکے کسی بھی کلب میں چلے جائیں وہاں لائیو کامیڈی نائٹ شوز ہو رہے ہوتے ہیں۔ انڈین اورگوروں کو ہنسانا بہت آسان ، مگر پنجابیوں کو ہنسانا مشکل کام ہے۔ میں نے سرداروں کے بیساکھی پروگرام بھی کیے ہیں۔ وہ لاہوریوں کو بہت پسند کرتے ہیں۔ اس ملک میں کامیڈین کی بہت عزت ہے۔ میری خواہش ہے کہ میں پاکستان میں بھی کام کروں۔ میں اپنے فن سے اپنے پاکستانی بھائیوں کو بھی محظوظ کروانا چاہتا ہوں۔

مزیدخبریں