لاہور (آن لائن) تاجر رہنما ،ایگزیکٹوممبر لاہور چیمبرز آف کامرس وانجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے سینئر نائب صدر راجہ عدیل نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ کی تکمیل ملک کو اقتصادی خوشحالی کی راہوں پر لے جائے گی۔گوادر بندرگاہ کے ذریعے چینی اور پاکستانی مصنوعات کی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کا خواب حقیقت میں تبدیل ہورہا ہے اور گوادار بندر گاہ کے فعال ہونے سے سی پیک روٹ کے ذریعے آنے والے کینٹینر گوادر بندرگاہ پہنچنے کے بعد چینی مصنوعات بین الاقوامی منڈیوں تک ترسیل کا کام شروع ہوگیا ہے اس کے ساتھ ساتھ سی پیک کے تحت ملک بھر میں12ہزار کلومیٹر سڑکوں کا بنیادی ڈھانچہ بھی مکمل ہوچکا ہے جو خوش آئند امر ہے اب ان روٹس پر نئے انڈسٹریل زونز ،چائینہ انڈسٹریل زونز کا کام تیز رفتاری سے مکمل ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوںنے لوہا مارکیٹ کے تاجروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راجہ عدیل نے کہا کہ اقتصادی راہداری روٹ پر نئے انڈسٹریز زونز سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں کنٹرول کے ساتھ ساتھ حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا ۔سی پیک میں شامل خصوصی اقتصادی زونز سے برآمدات میں اضافہ ہوگا اور خصوصی اقتصادی زونز میں نئی صنعتوں کے قیام سے معاشی و تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گے ۔خصوصی اقتصادی زونز سے پیداواری صلاحیت اور برآمدی بنیاد میں اضافہ ہوگا منصوبہ پر عملدرآمد سے خصوصی اقتصادی زونز معاشی اور سماجی ترقی کو تقویت دینگے ان زونزمیں نئی انڈسٹریز کے قیام سے روزگار کے لاکھوں مواقع دستیاب ہونگے اور ملک میں بے روزگاری جیسے سنگین مسئلہ کو حل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔