اسلام آباد:دھمکیوں پر پاکستان چھوڑ دیا‘ بہت پریشان شدید غصے میں ہوں: ریحام خان

Feb 06, 2018

اسلام آباد+ نئی دہلی( نوائے وقت رپورٹ) ریحام خان نے کہا ہے کہ دھمکیوں کے باعث پاکستان چھوڑ کر چلی گئی ہوں۔ بیٹی کو بھی سکول سے اٹھانا پڑا، اس وقت کوئی سیاسی جماعت میرے ساتھ کھڑی ہے نہ کسی سیاسی جماعت کی حمایت کی، بہت پریشان ہوں، شدید غصے میں ہوں، پاکستان میں بیٹھ کر درست بات نہیں کرسکتی۔ عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ دھمکیوں کے باعث میں پاکستان چھوڑ چکی ہوں، سابق کرکٹرز نے مجھے عمران خان سے دور رہنے اور ان سے کسی قسم کا خطرہ مول نہ لینے کا مشورہ دیا ہے۔ پاکستان میں بیٹھ کر اپنی لڑائی نہیں لڑ سکتی۔ مجھے سوشل میڈیا پر گالیاں دی جاتی ہیں، یہ عورت کا وقار نہیں کہ میں خاموشی سے گالیاں سنوں، ٹوئیٹر پر گالیوں نے میری قوت مدافعت کو مضبوط بنایا ہے، لوگوں نے ہر حال میں باتیں کرنی ہوتی ہیں، میں پاکستانی قوم کی مدد کرنا چاہتی ہوں پاکستانیوں کی اکثریت میری عزت کرتی ہے۔ ایک چھوٹا سیاسی طبقہ مجھ سے خائف ہے کہ ان کے راز افشا کردوں گی اچھے برے واقعات دونوں ہی انسان کو سبق سکھاتے ہیں، ہمارے معاشرے میں طلاق یافتہ ہونا برا سمجھا جاتا ہے۔ مجھے زبان کھولنے پر دھمکیاں ملتی ہیں، وقت آگیا ہے کہ میں قوم کو سچ سے آگاہ کروں۔ بیٹے کو کہا ہے اگر دنیا میں نہ رہی تو میری کتاب قوم کے سامنے آنی چاہئے۔ کتاب لکھ چکی ہوں صرف مناسب وقت کا انتظار ہے۔ میری کتاب کا کسی ایک سیاسی جماعت سے متعلق نہیں ہے، اگر میں دھمکیوں سے ڈر گئی تو دوسری خواتین کو کیا پیغام دوں گی، اگر کوئی آپ کو دھمکائے تو آپ کو خاموش نہیں رہنا چاہیے۔ منتخب نمائندوں کو عام آدمی کے مسائل کا علم نہیں، وہ ٹیکس نہیں دیتے۔ میری کتاب بالی ووڈ کی کتاب سے بہتر ہوگی۔ خوشی صرف شادی سے حاصل نہیں ہوتی، تیسری شادہ کا ارادہ نہیں، مجھے کوئی عام شوہر ملتا تو میں آج یہاں نہ ہوتی۔کوئی میری مصروف روٹین برداشت نہیں کرسکتا۔ پاکستانی سیاست میں خواتین کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے۔

مزیدخبریں