سرینگر(این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں نے5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جاری جدوجہدکی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے اس پر ایک پیغام میں یو م یکجہتی کشمیر منانے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی مکمل اور غیر مشروط حمایت کرنے پر کشمیری عوام کی طرف سے پاکستان کے عوام ، حکومت اور جملہ قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوںنے کہا کہ ہم حکومت پاکستان اور پاکستان کی قیادت کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اْن کی بھر پور حمایت کا اعتراف و احترام کرتے ہیں۔ میرواعظ نے کہا کہ کشمیر کے عوام ایک طویل عرصے سے بھارت کی طر ف سے ظلم و جبر اور تشدد و مشکلات سے دوچار ہیں اور کشمیری عوام کو اپنی حق پر مبنی جد وجہد سے دستبردار کرانے کیلئے انہیں گولیوں اور پیلٹ کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ حریت قیادت ، سیاسی کارکنوں، حقوق انسانی کی تنظیموں ، دانشوروں ، صحافیوں ، سول سوسائٹی کے اراکین اور تاجروں کو بھی عوامی تحریک کے ساتھ وابستگی اور ہمدردی پرنشانہ بنایا جارہاہے اور ہراساں کیا جاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ تنازعہ کشمیر کے ایک اہم فریق کے طور پر پاکستان نے ہماری تحریک کو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر سیاسی و سفارتی مدد فراہم کرنے میںہمیشہ کلیدی رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو صرف اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے ذریعے یا پھر بھارت،پاکستان اور کشمیریوں کی حقیقی قیادت کے درمیان بامعنی مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیاجاسکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی پاکستان مستقبل میں بھی کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔ ادھر حریت رہنمائوں فضل الحق قریشی اورمحمد مصدق عادل نے سرینگر میں ایک تقریب سے خطاب میں اور فریدہ بہن جی ،امتیاز احمد ریشی اور زاہد اشرف نے اپنے بیانات میں وم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستان کی حکومت اورعوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ ہمارا یہ ایمان ہے کہ مملکت خداداد پاکستان دنیا کے نقشہ پر وہ واحد ملک ہے جو کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے ۔انہوںنے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیرمنانا اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے سے نجات کی جد وجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ ہے ۔
سرینگر:یوم یکجہتی کشمیر منانے پر حکومت پاکستان اور عوام کے شکرگزار ہیں: حریت قیادت
Feb 06, 2018