مظفر آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) سابق وزیراعظم صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے کہا ہے پوری قوم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہے اور یقین دلاتا ہوں آپ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفرآباد کے یونیورسٹی گرائونڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کوئی فیصلہ عوام سے رشتہ نہیں توڑ سکتا، مقبوضہ کشمیر کے تمام بچوں، مجاہدین، بیٹوں، بیٹیوں کو کہنا چاہتا ہوں اپنے آپ خود کو اکیلا محسوس نہ کرنا، یہ پوری قوم پہلے بھی آپ کے ساتھ تھی ، آج بھی ساتھ ہے اور آنے والے کل بھی ساتھ ہوگی، آپ جدوجہد کرتے رہو، ہماری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں جس طرح لوگ ظلم برداشت کر رہے ہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں، ہمارے دلوں کی دھڑکن آپ کے ساتھ ہے، آپ کے قدم سے قدم ملا کر آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا مظفر آباد کی تاریخ میں اتنا بڑا جلسہ نہیں دیکھا۔ میں نااہل قرار دے دیا گیا ہوں تاہم مجھے پتا ہے آپ میر ے ساتھ ہیں۔ انہوں نے بتایا میرے بڑے پروگرام تھے جن پر پانی پھر گیا، میرے خلاف اس طرح کے فیصلے نہ آتے تو اگلے دو چار سال میں کوئی بے روزگار نہ رہتا۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا جب مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی مظالم سے زخم لگتے ہیں تو وہ درد ہم اپنے دل پر محسوس کرتے ہیں میرا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ میری رگوں میں بھی کشمیری خون شامل ہے جلد سرینگر میں غلامی سے نجات کا دن منائیں گے۔ صباح نیوز کے مطابق انہوں نے کہا آزاد اور مقبوضہ کشمیر کے درمیان مصنوعی خونی لکیر جلد مٹنے کو ہے ہم عنقریب آزادی کا جشن منائیں گے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق مریم نواز نے کہا اب بندوقوں سے کشمیریوں کی آواز دبائی نہی جا سکتی دل آزاد اور مقبوضہ کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے میری رگوں میں بھی کشمیری خون ہے مریم نواز نے ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے لگوا دیئے۔ نوازشریف نے جلسے میں ووٹ کو عزت دو کے نعرے بھی لگوائے۔ انہوں نے کہا بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا ایک فیصلہ عوام سے رشتہ نہیں توڑ سکتا بڑے بڑے پروگام تھے سب پر پانی پھر گیا مخالفانہ فیصلے نہ آتے کوئی بے روزگار نہ رہتا تین سے 6 ماہ میں ملزمان کیفر کردار تک پہنچتے ووٹ کو عزت دو، پاکستان اور قوم کو عزت دو، ادھر سے نااہل ہو گیا ادھر کیلئے تو نہیں راجہ صاحب میری آزاد کشمیر میںڈیوٹی لگا دی نواز شریف نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کشمیری اکیلے نہیں قوم ان کے ساتھ ہے ہر ممکن جگہ پر کشمیر کا مسئلہ اٹھائیں گے۔ نوازشریف نے جلسہ کا جوش و خروش دیکھ کر دل خوش ہو گیا ایسا جوش پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ کشمیریوں سے خون کا رشتہ ہے‘ میں نااہل قرار دیدیا گیا ہوں‘ یوم کشمیر پر اس موضوع پر کیا بات کروں دل بہت دکھی ہے لیکن کوئی فیصلہ اس دل کو نہیں توڑ سکتا کوئی فیصلہ عوام سے رشتے کو توڑ نہیں سکتا۔ میں آپ کے ساتھ اور آپ میرے ساتھ ہیں۔ پشاور نے اتوار کے روز بہت محبت کا ثبوت دیا آج مظفر آباد نے بھی بہت پیار کیا ہے۔ یہاں سے مقبوضہ کشمیر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ میں مجاہدین کو بچوں کو خواتین اور مردوں کو کہنا چاہتا ہوں یہ پوری قوم آج بھی آپ کے ساتھ ہے اور آنے والے کل بھی آپ کے ساتھ ہو گی۔ کشمیریو! ’’آئی لو یو‘‘ جس طرح آپ ظلم برداشت کر رہے ہیں آپ کی بہادری کو سلام کرتے ہیں جس بہادری سے آپ بھارتی فوج سے لڑ رہے ہیں ہمارے دل آپ کے ساتھ ہیں۔ وہاں پر پیلٹ گنز سے فائر کئے جاتے ہیں۔ گولیاں جسموں میں اور چھرے آنکھوں میں لگتے ہیں جب وہ شہید ہوتے ہیں تو پاکستان کے پرچم میں انہیں لپیٹ کر دفن کیا جاتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگو! خود کو اکیلا نہ سمجھو۔ آج ہم آپ سے یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں انشاء اللہ آپ کا بال بھی بیکا نہیں ہو گا۔ ساری قوم آپ کیلئے دعا گو ہے اور آپ کی جرأت کو سلام کرتی ہے۔ جہاں جہاں ممکن ہوا‘ دنیا کے ہر فورم پر آپ کا مسئلہ اٹھاتے رہیں گے۔ نوازشریف نے ہر فورم پر کشمیر‘ آپ کی جدوجہد کی بات کی ہے۔ ہم آج اور کل بھی یہ کام کرتے رہیں گے۔ میری خواہش تھی کہ ہر نوجوان کے پاس باعزت روزگار ہو گا۔ میرا دل جتنا پاکستان کے نوجوانوں کیلئے دھڑکتا ہے اتنا ہی آپ کیلئے دھڑکتا ہے۔ پاکستان کی ترقی میں آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو حصہ ملنا چاہئے اگر نوازشریف کا اقتدار رہتا تو اگلے مزید دو چار سالوں میں انصاف ملتا۔ سب کو روزگار ملتا۔ سب کو سستا اور فوری انصاف ملتا۔ میرے بڑے پروگرام تھے جن پر پانی پھر گیا۔ یہ اچھا نعرہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دو۔ نوازشریف کو ووٹ دو۔ میں جس قابل ہوں آپ کی اور اس پوری قوم کی خدمت کرتا رہوں گا۔ نوازشریف کے ہاتھ صاف ہیں۔ فیصلہ آیا ہے کہ حسن نواز سے تنخواہ نہیں لی اس کی وجہ سے میری چھٹی کرا دی گئی تو نوازشریف نااہل ہو گیا۔ کیا آپ کو یہ فیصلہ قبول ہے۔ آپ کو نوازشریف پر اعتماد ہے تو پھر میرے خلاف کیوں فیصلہ سنایا گیا مسلم لیگ (ن) کی حکومت جتنا پیسہ چاہئے آزاد کشمیر کو دیں گے۔ ہم نے بجٹ کو دگنا کیا ہے۔ میں پاکستان کیلئے نااہل ہو گیا ہوں تو میں نے راجہ فاروق حیدر سے کہا میری ڈیوٹی آزاد کشمیر میں لگا دیں۔ میں یہاں نااہل نہیں ہوا۔ میں اور راجہ صاحب کی ٹیم آزاد کشمیر کے چپے چپے میں جائیں گے۔ انشاء اللہ آپ کی دعائیں قبول ہونے والی ہیں۔ مظفر آباد لاہور کے مقابلے میں شہر بنے گا۔ یہ محبت کہاں ملتی ہے یہ پیسے سے محبت خریدی نہیں جا سکتی ہے۔ اللہ نے آپ کے دلوں میں میری محبت ڈالی۔ نوازشریف کے دل میں بھی آپ کیلئے بہت محبت ہے۔ صباح نیوز کے مطابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے جلسہ عام میں دوران خطاب میاں محمد نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے آبدید ہو گئے اور کہا کہ میاں نواز شریف کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ہمیں آپ پر اس لئے بھی فخر ہے کہ آپ کشمیر النسل ہیں وزیراعظم فاروق حیدر خان کے ان کے جذدبات کا جواب میاں محمد نواز شریف نے اپنی تقریر میں دیا اور کشمیریوں کو مخالفت کرکے کہا میرا آپ کے ساتھ خون کا رشتہ ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ بھی خون کا رشتہ ہے جبکہ وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی اپنی تقریر میں کہا میں میاں نواز شریف کی بیٹی ہوں اور میرا نہ صرف دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے بلکہ میری رگوں میں بھی کشمیری خون ہے۔
کوئی فیصلہ عوام سے رشتہ نہیں توڑ سکتا‘ قوم اور ووٹ کو عزت دو‘ نوازشریف: نعرے لگوائے
Feb 06, 2018