بھارت کشمیریوں پر مظالم ڈھانے کی بجائے انکا حق خودارادیت دے‘ ساجد نقوی

اسلام آباد (نیوزڈیسک) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور طریقے منایا گیا اور اظہار یکجہتی ریلیاں نکالی گئیں، اپنے پیغام میں علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے، عوام کی امنگوں کے مطابق فیصلہ کیا جائے، نہتے عوام پر مظالم کیخلاف شدید رد عمل کی ضرورت ہے، جنوبی ایشیاکا پائیدار امن بھی مسئلہ کشمیر سے جڑا ہے ، انتہائی تعجب کہ پوری دنیاکشمیر بارے سنگین اقدامات کی مذمت کررہی ہے وہ مسلسل کشمیر ، ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنایاجارہاہے ،پاکستان موثر سفارتکاری کے ذریعے سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدارملک میں عوام پر بے پناہ مظالم کو بے نقاب کرے۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر راولپنڈی ڈویڑن، لاہور، پشاور، کوئٹہ، کراچی سمیت آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی ریلیاں نکالی گئیں اور کچھ مقامات پر یکجہتی ریلیوں میں شرکت بھی کی گئی، مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے متفقہ قرارداد دادیں بھی منظور کی گئیں- دوسری جانب قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 1947ء سے اب تک مقبوضہ کشمیر میںحق آزادی کیلئے جدوجہد کرنیوالے عوام پر سفاکیت جاری ہے لیکن افسوس اور تعجب کہ کشمیری عوام کی مظلومیت عالمی اداروں کو کیوں نظر نہیں آتی، انسانی حقوق ، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی تنظیمیں کیوں خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں سینکڑوں کشمیری ایک مرتبہ پھر شہید کردیئے گئے، پیلٹ گنزکے استعمال سے جوانوں کے ساتھ بزرگ شہریوں ، خواتین اور بچوں تک کو نشانہ بنایاگیا اور بینائی سے محروم کردیاگیا لیکن کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی، حکومت مسئلہ کشمیر کو مزید موثر انداز میں اٹھائے، کشمیریوں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیںگے۔ان کا کہنا تھا کہ 70 سال سے مظلوم کشمیری عوام پر ریاستی جبر و تشدد اور ظلم کے پہاڑ تو ڑ کر زیر کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے، لیکن کشمیریوں کا جذبہ آزادی کم ہونے کی بجائے مزید مضبوط اور بھرپور طریقے سے ابھر کر سامنے آیاہے اور یہ بھرپور عوامی جدوجہد کا روپ دھار چکاہے ،مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے اور تمام فریقوں کو ان کی خواہشات کا احترام کرنا چاہیے،حکومت پاکستان کو بھی اس سلسلے میں بھرپور اور موثر انداز میں سیاسی، سفارتی اور اخلاقی جرات کا مظاہرہ جاری رکھنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حکومتی سطح کے علاوہ عوامی سطح پر بھی بھرپور اور شدید رد عمل کی ضرورت ہے۔

ای پیپر دی نیشن