اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان اور آزاد کشمیر کی قیادت اور قوم کا شکریہ۔پاکستان بھرپور سفارتی اور میڈیا مہم جوئی کے ذریعے بھارتی مظالم کو بے نقاب اور کشمیریوں کی قربانیوں کو اُجاگر کرنے کی ہمہ وقت کوششیں کرے۔ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کو نسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے متحدہ ج جہاد کونسل کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا بنیادی اور Legitimate فریق ہے اس لئے گذشتہ ۰۷ سالوں سے تحریک آزادیٔ کشمیر کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا چلا آرہا ہے۔ کشمیر کی وجہ سے آج تک دو پاک بھارت جنگیں ہوچکی ہیں اور تیسری جنگ کے بادل سرحدوں پر منڈلا رہے ہیں۔ مقبوضہ ریاست کے عوام نے آزادی کے حصول کے لئے جان و مال اور آبرو کی بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ سید صلاح الدین نے کہا کہ ریاستی عوام ساڑھے سات لاکھ قابض فورسز کے ساتھ ہر گلی کوچے میں نبرد آزما ہیں اور تاحصول آزادی اس جدوجہد کو جاری رکھنے کا عزم کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہ کہاعالمی اداروں اور طاقتوں کی مجرمانہ بے رخی اور سرد مہری کی وجہ سے بھارتی ہٹ دھرمی اور کشمیریوں پر ڈھائے جا رہے جان لیوا مظالم میں بے پناہ اضافہ ہو اہے۔ پاکستان بھرپور سفارتی اور میڈیا مہم جوئی کے ذریعے بھارتی مظالم کو بے نقاب اور کشمیریوں کی قربانیوں کو اُجاگر کرنے کی ہمہ وقت کوششیں کرے۔ رواں جدوجہد آزادی چونکہ ریاستی عوام کی قربانیوں اور مجاہدین کی تیر بہدف کاروائیوں کے نتیجے میں ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ پاکستان روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر ایک جاندار اور نتیجہ خیز پالیسی پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس عزم و یقین کا پھر اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار پر لکھی ہوئی ہے ،اور ان شا ء اللہ ضرور آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔
مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی افواج کیساتھ گلی کوچوں میں برسر پیکار ہیں
Feb 06, 2018