نواز شریف کے نعرے اور سوالات مظفر آباد جلسہ کے شرکا کی توجہ کا مرکز بنے رہے وزیراعظم آزاد کشمیر کی آنکھیں چھلک گئیں نواز شریف نے سیاسی شو کا تاثر زائل کر دیا

مظفرآباد(اے این این )مظفرآباد میں مسلم لیگ ن کے تاریخ ساز جلسہ عام میں دوران تقریر سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے نعرے اور سوالات پنڈال میں موجود شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے جس پر شرکاء وقفے وقفے سے جو شیلے انداز میں جواب دیے اور بھرپور نعرہ بازی بھی کی ۔میاں محمد نواز شریف کو تقریر کیلئے سٹیج پر بلایا گیا تو پنڈال سے دیکھو دیکھو کون آیا ۔شیرآیا شیرآیا اور لو یو نواز شریف کے نعرے لگائے گئے جس کے جوا ب میں سابق وزیراعظم نے کشمیریو آئی لو یو ُکہہ کر جواب دیا ۔میاں محمد نوازشریف نے کشمیربنے گا پاکستان ،پاکستان زندہ باد ،ووٹ کو عزت دو ،پاکستان کو عزت دو،کام کو عزت دوکے نعرے لگائے جن کاشرکاء جلسہ نے بھرپور جواب دیا۔اس موقع پر پنڈال سے نعرہ لگائے گئے کہ نواز شریف قدم بڑھائو ہم تمہارے ساتھ ہیں جس کے جواب میں میاں نواز شریف نے کہا کہ ہم سب مل کر مقبوضہ کشمیرکے عوام کے ساتھ ہیں ۔اس موقع پر انہوں نے عوام کے سامنے نعرے کے انداز میں چند سوالات بھی رکھے جس کا بھرپور انداز میں جواب دیا گیا ۔اپنے سوالات میں انہوں نے عوام سے سوال کیا کہ کیا نواز شریف نااہل ہے ،جس کے جواب میں عوام نے نہیں کہا اور وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے نعرے لگائے دریں اثناء اپنے خطاب میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے بھی ووٹ کو عز ت دو ،کشمیر بنے گا پاکستان اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ پھر میاں نواز شریف نے سوال کیا کہ کیا آپ کو نواز شریف پر اعتمادہے؟ کیا آپ کو نواز شریف پر اعتبارہے ؟ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ نواز شریف کرپٹ ہے ؟جس کے جواب میں شرکاء جلسہ نے کہا’’نہیں ‘‘ ۔اس پر نواز شریف نے عوام سے پھر سوال کیا کہ اگر ایسا نہیں تو نواز شریف کو نااہل کیوں کیا گیا۔ وزیراعظم آزادجموںوکشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان مظفرآباد میں منعقدہ مسلم لیگ ن کے جلسہ عام میں دوران خطاب میاں محمد نواز شریف کو مخاطب کرتے ہی آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ میاں نواز شریف کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ۔ہمیں آپ پر اس لیے بھی فخر ہے کہ آپ کشمیرالنسل ہیں ۔وزیراعظم فاروق حیدر خان کے ان جذبات کا جواب میاں محمد نواز شریف نے اپنی تقریر میں دیا اور کشمیریوں کو مخاطب کرکے کہا کہ میرا آپ کے ساتھ خون کا رشتہ ہے اور مقبوضہ کشمیرکے عوام کے ساتھ بھی خون کا رشتہ ہے ۔جبکہ وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی اپنی تقریر میں کہا کہ میں میاں نواز شریف کی بیٹی ہوں میرا نہ صرف دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتاہے بلکہ میری رگوں میں بھی کشمیری خون ہے۔ جلسہ عام کے بارے میں خیال کیا جارہاتھا کہ شاہد یہ جلسہ اس دن کی مناسبت سے یکجہتی کشمیرکی اصل روح کے برعکس ایک سیاسی شو ہوگا لیکن میاں محمد نواز شریف کی گفتگو نے اس تاثر کو زائل کردیا ۔اپنی گفتگو میں سابق وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کا بھرپور ذکر کیا ور اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیراٹھانے کے عزم کا اظہار بھی کیا جبکہ وزیراعظم آزادکشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان نے بھی اپنی گفتگو کا محور پانچ فروری کے دن کی مناسبت سے مسئلہ کشمیرہی کو رکھا۔

ای پیپر دی نیشن