پاکستان ویمن سپر ہاکی لیگ آج سے شروع‘5 ٹیمیں شرکت کریں گی

Feb 06, 2018

لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) دوسری پاکستان ویمن سپر ہاکی لیگ آج سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ لیگ میں پانچ ٹیمیں حصہ لینگی۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ ہونگے۔ اس بات کا اعلان پاکستان ہاکی فیڈریشن ویمن ونگ کی سیکرٹری تنزیلہ عامر چیمہ، عابدہ تنویر، راحت خان، چاند پروین اور زیب النسا نے پریس کانفرنس میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ لیگ میں کھیلنے والی کھلاڑیوں کی عمر کی حد 23 سال مقرر کی گئی ہے۔ لیگ میں شامل ٹیموں میں لاہور لائینز، کراچی ڈولفنز، اسلام آباد شاہین، کوئٹہ پینتھرز اور پشاور ڈیئرز شامل ہیں۔ تنزیلہ عامر چیمہ کا کہنا تھا اس موقع پر پاکستان کے لئے خدمات انجام دینے والی سابق کپتانوں کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری شہباز سینئر کا لیگ کے انعقاد میں ویمن ونگ کے ساتھ خاص تعاون حاصل ہے۔ ویمن لیگ سے خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ لیگ میں شامل کھلاڑیوں کو میرٹ پر منتخب کیا گیا ہے۔ مستقبل میں انڈر 16 اور انڈر 18 چیمپئن شپ بھی کرائیں گے تاکہ مزید کھلاڑیوں کو اس کھیل میں لایا جائے۔ لیگ ہاکی کا فائنل 11 فروری کو کھیلا جائے گا۔ بعد ازاں ویمن لیگ کا ایک سال پورا ہونے پر کیک کاٹا گیا۔

مزیدخبریں