نیا پاکستان اور عوام کے تقاضے…!

Feb 06, 2019

مکرمی! پاکستانی روپے کی قدر میں کمی سے ملک میں معاشی بحران جنم لے چکا ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔ تحریکِ انصاف کی حکومت کے دعوے محض ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔ ماضی کے حکمرانوں کی طرح پی ٹی آئی کی حکومت نے بھی کشکول تھام لیا ہے۔ کفایت شعاری اور خود انحصاری کا درس دینے والے آج سابقہ حکمرانوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ شدید سردی کے موسم میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ ناقابلِ فہم ہے۔توانائی بحران کی وجہ سے عام عوام کے ساتھ کسانوں اور صنعت کاروں کے مسائل بھی بڑھ گئے ہیں۔ تحریکِ انصاف کی حکومت کے برسراقتدار آنے سے عوام یہ توقع کر رہے تھے کہ ملک میں مہنگائی، بیروزگاری کا خاتمہ ہو گا۔ بجلی، گیس اور پٹرویم کی قیمتوں میں کمی ہو گی مگر 5 ماہ گزرنے کے باوجود ایسانہیں ہو سکا۔ گیس کی فراہمی صنعتوں کوتودرکنار کھانا پکانے کیلئے بھی نہیں۔ صنعتیں بند ہونے کی وجہ سے مزدوروں کے گھروں میں نوبت فاقوں تک پہنچ گئی ہے۔ گیس کی قلت اور لوڈشیڈنگ کے عذاب نے ملکی سرمایہ داروں کو بھی بیرونِ ملک جانے پرمجبورکردیا ہے۔ حکومت کو کرپشن کے خلاف اقدامات ضرور کرنے چاہئیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ مہنگائی، غربت ، بے روزگاری اوردیگر مسائل کے حل کی طرف بھی توجہ دینی چاہئے۔ (محمد رفیق قمر، ضیاء روڈ ، شکر گڑھ ، نارووال)

مزیدخبریں