بھارتی فوج بے گناہ کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیل رہی ہے :ڈاکٹرعمران شاہ

Feb 06, 2019

کراچی (نیوز رپورٹر) بھارتی فوج بے گناہ کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیل رہی ہے ، امریکہ بہادر کشمیرمیں جاری بھارتی ظلم وستم بند کروائے۔یہ باتیں پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹرعمران علی شاہ نے نیوکراچی میں پیرل ایجوکیشنل سسٹم کے زیراہتمام یوم یکجہتیء کشمیر کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پر میزبان حافظ محمدعابد، کمال قادری، محمدبلال، میڈم کنول شہزاد،میڈم ریحانہ عامر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ، افغانستان ، عراق اور دیگراسلامی ممالک میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر کاروائیاں کرنے والے امریکہ بہادر کو کشمیر میں بھارتی دہشت گردی نظر نہیں آرہی جہاں بھارتی فوج بے گناہ کشمیریوں کاخون بہارہی ہے جب کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعوے دار ہے اور 72سالوں سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو دباتا چلاآرہاہے یہی نہیں بلکہ بھارت میں رہنے والی اقلیتیں اور خود ہندو قوم کی چھوٹی ذاتیں اُس کے ظلم وجبر کا نشانہ بن رہی ہیں مگر یہاں دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیمیں سورہی ہیں اُن کو صرف اسلامی ممالک میں ہی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں نظر آتی ہیں اُنہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں موجود ہے، لیکن اقوام متحدہ نے چھ دہائی سے اس مسئلہ کو لٹکاکررکھاہواہے اور مسلم حکمرانوں نے چپ ساد ھ رکھی ہے۔ اُنہوں نے کشمیری قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کشمیر کی قربانیاں انشا اللہ رنگ لائیں گی اور تحریک کشمیری کامیابی سے ہمکنار ہوگی کیونکہ طاقت کے بل پر تحریک حق خود ارادیت کو نہیں دبایاجاسکتا خطہ میں امن وامان اور ترقی کے لئے کشمیر کے مسئلہ کا حل انتہائی ضروری ہے ۔

مزیدخبریں