سی پیک منصوبہ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی: مشتاق غنی فیز ون اکتوبر میں مکمل ہو جائیگا: چینی سفیر

Feb 06, 2019

ایبٹ آباد (آن لائن) پاکستان میں متعین چینی سفیرژائوجنگ نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے کہا ہے کہ چین کشمیری عوام کی جدوجہدآزادی کی مکمل حمایت کرتا ہے ، اقوام متحدہ کی قراردادوں میں آزادی کشمیریوں کا تسلیم شدہ حق ہے جو انہیں ملنا چاہیے ۔تفصیلات کے مطابق چینی سفیر نے ژاو جنگ ایبٹ آباد کا دورہ کیا اور سپیکرخیبرپختونخواہ اسمبلی مشتاق غنی کے ہمراہ چائنیزسال نو کا کیک کاٹا،چینی سفیر نے سی پیک منصوبے پر کام کرنیوالے چینی مزدوروں سے کیمپ نمبر دو میں ملاقاتیں بھی کیں، انہوں نے پاک چائنہ انٹرنیشنل اسکول اینڈ کالج کادورہ کیا۔ پاک چائنہ اسکول پہنچنے پر سپیکر خیبرپختونخواہ اسمبلی مشتاق احمد غنی نے چائنیز سفیر کا استقبال کیا۔ چائنیز سفیرکا ژاو جنگ اورسپیکرخیبرپختونخواہ اسمبلی مشتاق احمد غنی نے ایک سادہ تقریب کے دوران چائنیز سال نو کا کیک کاٹا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر ژاو جنگ نے کہاکہ سی پیک کا فیز ون رواں سال اکتوبر تک مکمل ہو جائے گا۔آج ہمیں ایبٹ آباد میں سال نو کی خوشی منانے کا زیادہ مزہ آیا ہے پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک منصوبہ اہم سنگ میل ہے، چین تعلیمی شعبہ کی ترقی کیلئے پاکستان کا مکمل ساتھ دے گا۔ ایبٹ آباد چین کا گیٹ وے بھی ہے، ہم پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں مکمل سپورٹ کریں گے پاک چین دوستی دنیا بھر کے لیے مثال ہے ہمارا لازوال رشتہ رہتی دنیا تک قائم و دائم رہیگا۔ سپیکرخیبرپختونخواہ اسمبلی مشتاق غنی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سی پیک منصوبہ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ سابقہ حکومت نے جو سی پیک منصوبے بنائے ان پر کام جاری ہے۔ چین اور پاکستان کی دوستی بے مثال ہے۔ سی پیک گیم چینجر ہے۔ جوکہ مستقبل میں پاکستان کی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا۔ بعدازاں چینی سفیر کھوکھرمیرا حویلیاں میں سی پیک منصوبے پر کام کرنیوالے چائنیز مزدوروں سے ملنے اور سال نو کی تقریب منانے کیمپ نمبر دو میں پہنچے۔ جہاں انہوں نے چینی مزدوروں کے ہمراہ سال نو کا کیک کاٹا۔

مزیدخبریں