کراچی: اڑھائی سالہ بچی کو سمندر میں ڈبونے والی ماں گرفتار، نعش برآمد

Feb 06, 2019

کراچی (اے این این)کراچی کے علاقے کلفٹن میں شقی القلب ماں کے ہاتھوں سمندر میں ڈبو کر قتل کی گئی پھول جیسی اڑھائی سالہ بچی کی نعش گذشتہ روز صبح دو دریا کے قریب سے مل گئی۔ ساحل پولیس کے مطابق واقعہ ڈیفنس فیز8 میں فرحان شہید پارک کے قریب گزشتہ شام پیش آیا تھا۔ ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ساحل پولیس نے ڈیفنس فیز8 میں شہریوں کی نشاندہی پر28 سالہ ملزمہ شکیلہ راشد کو گرفتار کیا۔ شہریوں نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ مذکورہ خاتون نے اپنی کمسن بچی کو سمندر میں ڈبو دیا ہے۔ پیر محمد شاہ کے مطابق ملزمہ کی اڑھائی سالہ بچی انعم کی نعش آج عمار اپارٹمنٹ کے قریب دو دریا کے سمندر سے مل گئی، قتل کا مقدمہ درج کرکے ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق دھاریجو کے مطابق خاتون نے بیان دیا ہے کہ اس کے شوہر نے ایک ماہ قبل اسے بلاوجہ گھر سے نکال دیا تھا، اس کے باپ نے بھی جگہ نہ دی، وہ دربدر ہوگئی تھی، جس کی وجہ سے اس نے بچی سے چھٹکارا پایا اور اس کے بعد خود بھی مرنا چاہتی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزمہ شکیلہ راشد گولیمار کی سلطان آباد کالونی کی رہائشی ہے، ساحل پولیس کے مطابق ملزمہ کا شوہر راشد شاہ کراچی کے نجی ہسپتال میں ملازم ہے۔

مزیدخبریں