دبئی(صباح نیوز) متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے والے تاریخ کے پہلے کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ فرانسس نے ابوظہبی کے اسٹیڈیم میں ایک لاکھ 70ہزار کیتھولک افراد سے تاریخی خطاب کیا۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق پوپ فرانسس نے زید اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں داخل ہوتے ہی ویٹیکن کے جھنڈے لہراتے ہوئے ایک ایسے ملک میں پرجوش ہجوم کی جانب ہاتھ ہلایا جہاں مسیحی افراد کو عام طور پر صرف گرجا گھر میں ہی عبادت کی اجازت ہے۔ پوپ فرانسس بین المذاہب ہم آہنگی کے تحت متحدہ عرب امارات کے تاریخی دورے پر ہیں۔ اسٹیڈیم میں50 ہزار کیتھولک افراد نے پوپ فرانسس کو خوش آمدید کہا، وہیں ہجوم میں شریک ایک چھوٹے ہجوم نے پوسٹر کارڈ کے ذریعے استقبال کیا، جس پر لکھا تھا ہم یمن کے کیتھولک آپ سے محبت کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ایک لاکھ 20ہزار افراد باہر موجود تھے جنہوں نے بڑی اسکرین پر ویڈیو لنک کے ذریعے پوپ فرانسس کا خطاب دیکھا۔ تارکین وطن کیتھولک متحدہ عرب امارات(یو ای اے )نے رواداری کے سال 2019 کے تحت پوپ فرانسس کو دورے کی دعوت دی تھی۔وزیر برائے رواداری شیخ نہیان بن مبارک نے اسٹیڈیم میں پوپ کی آمد سے قبل ہجوم میں شریک افراد کا استقبال کیا۔