لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور چیئرمین جاوید آفریدی نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور سے ملاقات کی۔ میجر جنرل آصف غفور نے ڈیرن سیمی کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ڈیرن سیمی کی ایک بار پھر پاکستان آمد اور پاکستانیوں سے محبت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیرن سیمی جس طرح پاکستان سے محبت کرتے ہیں پاکستانی قوم کے بھی ان کے لئے یہی جذبات ہیں۔ میجر جنرل آصف غفور نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے ڈیرن سیمی کو پاکستان میں خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ گزشتہ دو سالوں کی طرح اس سال بھی پاکستان میں میچز کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔ ڈیرن سیمی نے آرمی پبلک سکول کا دورہ بھی کیا اور 4 سال قبل دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے طلبہ اور اساتذہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پشاور زلمی کے کپتان نے سانحہ آرمی پبلک سکول اور حملے میں متاثر ہونے والے طلبہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ ٹویٹر پر جاوید آفریدی نے پیغام میں کہا کہ ڈیرن سیمی کی اے پی ایس آمد سے طلبہ کے چہروں پر خوشی بکھر گئی۔ ٹویٹر پر ہی ڈیرن سیمی نے پیغام میں پشاور کے لوگوں سے ملنے والی محبت کو سچی محبت قرار دیتے ہوئے پشاور کے باسیوں کا شکریہ ادا کیا۔ ڈیرن سیمی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کیلئے بہترین ملک ہے، مجھے ہمیشہ کرکٹ شائقین اور پاکستان سے بہت پیار ملا۔ پاکستان آ کر بہت خوشی ہوئی، آرمی چیف کا شکر گزار ہوں، وہ ہمیشہ کرکٹ کی پذیرائی کرتے ہیں۔