لاہور( نیوز رپورٹر)صوبائی وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجہ میں کسی قسم کی کوتاہی اب برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کااظہار انہو ںنے آج گنگا رام ہسپتال کا اچانک دورہ کے دوران کیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایمرجنسی، لیبرروم، ویٹنگ ایریا، آپریشن تھیٹر، گائنی و دیگرشعبہ جات کادورہ کرکے طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ و دیگرمتعلقہ افسران بھی موجودتھے۔ انہو ںنے اس موقع پر کہاکہ کسی ہسپتال میں مریضوں کے علاج معالجہ میں طبی سہولیات کی عدم دستیابی کوبرداشت نہیں کرینگے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ہیلتھ کارڈ کااجراء کرکے شعبہ صحت میں عوام سے کیاہواوعدہ پوراکردیا۔ سابقہ حکومتوں نے عوام کوہیلتھ سہولیات دینے کی آڑمیں زبانی جمع خرچ کرکے کروڑوں روپے کاٹیکہ لگایا۔صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں بہترین ہیلتھ سروس کویقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ نظام متعارف کروارہے ہیں۔ ہسپتال میں صفائی ستھرائی کاخاص خیال رکھاجائے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کویقینی بنانے کیلئے آئندہ مریض کے ساتھ صرف ایک اٹینڈنٹ کورہنے کی اجازت ہوگی۔ ہسپتالوں میں سب سے اہم مریضوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں گندگی سے انفیکشن نہ پھیل سکے او رمریض جلد صحتیاب ہوجائے - تمام ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صفائی ستھرائی کو سو فیصد یقینی بنائیں -