قوم نے پیغام دیا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے: عثمان بزدار، یوم یکجہتی پر عوامی اجتماع سے خطاب

لاہور (نیوز رپورٹر) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر فیصل چوک میں عوامی ا جتماع کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار، صوبائی وزرائ، ارکان صوبائی اسمبلی، تحریک انصاف کے رہنماؤں،کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیا اور بھارتی بربریت اور مودی سرکار کے مظالم پر بھرپور احتجاج کیا گیا۔ ہزاروں افراد نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھا کر اجتماع میں شرکت کی۔ فضا ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعروں سے گونجتی رہی۔ پاکستان اور کشمیر کے ترانے بجائے گئے۔ بعد ازاں سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی کامیابی اور بھارتی تسلط کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے دعا کرائی۔ عثمان بزدار نے خطاب میں کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد بھارت کا اصل مکروہ چہرہ دنیا کو دکھانا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے لاک ڈاؤن کو 185 دن گزر چکے ہیں۔ معصوم نہتے کشمیریوں پر ہونے والے ظلم پر پورا پاکستان سراپا احتجاج ہے۔ دنیا بھر میں سب سے بڑی جمہوریت کہلانے والے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جمہوری اقدار کا خون کیا۔ بھارتی آئین میں کشمیر کی منفرد حیثیت کے ضامن آرٹیکل 370 اور 35Aکو ختم کرکے بھارت نے دنیا بھر میں اپنا جمہوری اور سیکولر تشخص بری طرح مجروح کیا ہے۔ پاکستانی قوم نے آج دنیا کو پیغام دیا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ پاکستان اور کشمیر ایک تھے، ہیں اور رہیں گے۔ ہزاروں لوگوں کا پرامن احتجاج مودی سرکار کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔ انشاء اللہ کامیابی کشمیری عوام کا مقدر بنے گی۔ پاکستان کی تاریخ میں کسی لیڈر نے اس طرح کشمیر کا مقدمہ نہیں لڑا جس طرح عمران خان نے کشمیریو ں کے حق میں آواز اٹھائی ہے۔ ہمارے دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ لاہور کا کشمیر کے ساتھ خصوصی رشتہ ہے۔ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ کوئی نہیں توڑ سکتا۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں انسداد پولیو کیلئے اقدامات اور کرونا وائرس سے بچاؤکے لئے احتیاطی تدابیر اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کو پولیو فری بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کارلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے بعض شہروں میں پولیو کے کیسز سامنے آنا انتہائی تشویشناک امر ہے۔ پولیو فری پنجاب کے لئے کمیونٹی کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ پنجاب کے داخلی راستوں پر بچوں کو انسداد پولیو کی ویکسین پلانے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انسداد پولیو کے لئے 3600 ورکرز کی بھرتی کی اجازت دے دی ہے۔ جہاں پر پولیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں وہاں پر غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے کارروائی کی جائے۔ صوبے میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ہر ممکن احتیاطی اقدام اٹھایا جائے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...