راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیسٹ میچ جمعہ7 فروری سے 11فروری تک پنڈی کرکٹ اسٹیدیم میں ہوگا اس موقع پر سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک پولیس راولپنڈی نے شہریوں کی سہولت کے لئے ٹریفک پلان جاری کیا ہے ٹریفک پلان 6فروری سے 11فروری تک صبح سے شام تا اختتام میچ نافذالعمل رہے گا ڈبل روڈ بھی بند رہے گی ٹریفک پلان کے مطابق اسلام آباد سے راولپنڈی داخل ہونے والی ٹریفک کو فیض آباد پل سے پہلے ایکسپریس وے پر ڈائیورٹ کیا جائیگا یہ ٹریفک ڈھوک کالاخان ، کھنہ اورکرال سے راولپنڈی میں داخل ہوسکے گی اسی طرح راولپنڈی سے براستہ مری روڈ فیض آباد /اسلام آباد جانے والی ٹریفک کو کڈنی سنٹر کے سامنے بنائے گئے یوٹرن سے مخالف سمت روڈ پرڈال کر جانب اسلام آباد روانہ کیا جائیگا ٹریفک پلان کے مطابق اسلام آبادIJPروڈاور 9thایونیو سے راولپنڈی داخل ہونے والی ٹریفک ڈبل روڈکی بجائے پنڈوڑہ چونگی، کٹاریاں،کیرج فیکٹری،پیرودھائی،چک مدد اورپیرودھائی موڑسے راولپنڈی میں داخل ہوسکے گی صادق آباد چوک سے اسلام آباد کی طرف جانے والی ٹریفک غوثیہ چوک سے دائیںمڑتے ہوئے براستہ فاروق اعظم روڈ، کری روڈسے جا سکے گی جبکہ ہارون چوک اور ڈھوک کالا خان چوک سے جانب غوثیہ چوک کی طرف ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔