بھارت میں اقلیتوں کیساتھ نارواسلوک قابل مذمت ہے:اعجازعالم آگسٹین

Feb 06, 2020

لاہور(خصوصی نامہ نگار) یوم کشمیر کے موقع پربہار کالونی،کوٹ لکھپت کے ایف جی اے گرائونڈ میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرنے کیلئے ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں صوبائی وزیراقلیتی امور و انسانی حقوق اعجازعالم آگسٹین، مشعال ملک( اہلیہ کشمیری رہنماء یٰسین ملک)،مختلف ممبران پنجاب اسمبلی،متعدد سیاسی و مذہبی رہنمائ،سول سوسائٹی سے منسلک افراد اور مسیحی برادری کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اقلیتی امور نے کہاکہ تحریک انصاف کیلئے یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ پاکستان بھر میں تمام مذہبی اقلیتوں کوہرطرح کی مکمل آزادی حاصل ہے جبکہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ایسا ناروا سلوک کیا جا رہا ہے ،جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اور بھارت پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ تمام پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے سنگ کھڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ مسیحی برادری اپنے آپ کو پاکستانی ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں اور کسی بھی قسم کی بھارتی جارحیت کا سامنا کرنے کیلئے اپنی پاک فوج کے ہمراہ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔مشعال ملک نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان ہمارے پرکھوں نے اپنی جانوںکے نذرانوں سے بنایاہے اورہم سب پر فرض ہے کہ اس کی حفاظت کیلئے اپنی جان تک نثار کر دیں۔انہوں نے کہاکہ نریندر مودی کے دور میں مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اور نام نہاد کرفیو کے نام پر معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلا جا رہا ہے ،ابتک ہزاروں خاندانوں کو اجاڑا جا چکا ہے جبکہ لاکھوں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں کہ ایک دن کشمیر میں بھی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کی نظریں پاکستان کی طرف لگی ہوئی ہیں ۔

مزیدخبریں