اسلام آباد (نیوز رپورٹر) چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی بدترین مثال قائم کی ہے ۔ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی بربریت ، ظلم وستم اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی نے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا بھر میں عیاں کر دیا ہے اب وقت آچکا ہے کہ انسانی حقوق کے علمبردار ممالک ادارے اور تنظیمیںکشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے اپنے ایک پیغام میںکیا۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے ملکی و بین الاقوامی سطح پر مل کر مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ، ادارے اور پوری قوم یک زبان ہیں۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق ہی حل ہوگا۔