بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق پامالی کی بدترین مثال قائم کی،چیئرمین سینٹ

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی بدترین مثال قائم کی ہے ۔ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی بربریت ، ظلم وستم اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی نے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا بھر میں عیاں کر دیا ہے اب وقت آچکا ہے کہ انسانی حقوق کے علمبردار ممالک ادارے اور تنظیمیںکشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے اپنے ایک پیغام میںکیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے اس مسئلے کے پُر امن حل کیلئے اقدامات اٹھائیں ہیں ۔ انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے ملکی و بین الاقوامی سطح پر مل کر مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور ادارے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں نہ صرف معصوم نہتے کشمیریوں کی بھر پور حمایت کرتے ہیں بلکہ ان کی آزادی کے حصول تک کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔5 فروری کا دن کشمیریوں کی طرف سے آزادی کے حصول کیلئے دی جانے والی قربانیوں کیلئے اظہار یکجہتی کا دن ہے جسے ملک بھر میں بسنے والے تمام پاکستانی و کشمیری بھر پور جذبے سے منا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ، ادارے اور پوری قوم یک زبان ہے ۔مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق ہی حل ہوگا ۔

ای پیپر دی نیشن