لاہور(سپورٹس رپورٹر) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے کہا ہے کہ لاہور سے بیٹھ کر خیبرپی کے میں کرکٹ نہیں چلائی جا سکتی، کے پی کا کرکٹ بورڈ اگلے 2 یا 3 ماہ میں بن جائے گا۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور کے سٹیڈیم پر جس رفتار سے کام ہو رہا ہے اسے دیکھ کر خوشی ہوئی، خواہش ہے کہ پشاور کا سٹیڈیم اگلے سال پی ایس ایل کے لیے تیار ہو جائے۔انھوں نے کہا کہ تمام صوبوں کا اپنا الگ ایک سسٹم ہونا چاہیے، سٹیڈیم بنانا پی سی بی کا کام نہیں، کے پی حکومت کا شکر گزار ہوں کہ انھوں نے سٹیڈیم بنایا، کراچی، بلوچستان، کے پی میں این سی اے بنا رہے ہیں، کے پی حکومت کی تعریف میں میرے پاس الفاظ نہیں، انھوں نے بڑا قدم اٹھایا ہے، کے پی میں بچوں کو ہم نے مواقع فراہم کرنے ہیں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل پشاور میں بھی ہو، کے پی میں جو بھی نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے ان کی ٹریننگ یہیں ہوگی، خواہش ہے کہ پاکستان کے ہر حصے میں میچز ہوں، پہلے لاہور پھر کراچی میں میچز ہوئے، اب دیگر شہروں میں ہو رہے ہیں۔ میرٹ بیس سسٹم لانا ہماری خواہش ہے، گراس روٹ، کلب کرکٹ سے ہی کرکٹ کو فروغ ملے گا۔ گزشتہ روز کے میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ کرکٹ میں ہار جیت ہوتی ہے، بھارتی انڈر 19 ٹیم نے زیادہ اچھا کھیلا، باؤلنگ اور بیٹنگ دونوں ہم سے اچھی تھی۔