لاہور( سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی کے نامزد سکیورٹی آفیشل شاہد افسر نے کہا ہے کہ 20 فروری سے شروع ہونے والی لیگ کے 5 ویں سیزن کیلئے بھرپور سکیورٹی انتظامات پرہم ہرطرح سے مطمئن ہیں، کراچی اورلاہورکی طرح راولپنڈی اورملتان میں بھی مطلوبہ معیار کے سکیورٹی انتظامات کا اہتمام کیے جانے پر ہم نے آئی سی سی کو دونوں مراکز کی کلیئرنس دی ہے ۔ غیرملکی سکیورٹی ادارے کے برطانوی نژاد پاکستانی شاہد افسر نے ان خیالات کا اظہار پاکستان نیوی روشن خان، جہانگیرخان انٹرنیشنل سکواش کمپلیکس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پاکستان پرامن ملک بن چکا ہے اور کرکٹ سمیت تمام انٹرنیشنل کھیلوں کے مقابلوں کیلئے انتہائی موزوں ہے جس کیلئے حکومت اور سکیورٹی اداروں نے قابل قدرکردار ادا کیا ہے۔پاکستان میں پی ایس ایل 5 کا مکمل طور پر انعقاد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہیں کھولنے کی کوششوں میں معاون و مددگار ثابت ہوگا ۔14 ویں چیف آف دی نیول سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پی ایس اے کی جانب سے نامزد شاہد افسر نے کہا کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال میں تیزی کے ساتھ آنے والی بہتری میں بتدریج اضافہ ملک میں انٹرنیشنل سپورٹس کے انعقاد کی راہیں کھولے گا۔پی ایس ایل فائیو پاکستان کرکٹ کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ وہ اپنے ساتھی اہلکار کے ہمراہ پی ایس ایل5کے دوران اپنی ذمہ داری کے مطابق غیرملکی کھلاڑیوں اور آفیشلزکیلئے سکیورٹی انتظامات پرگہری نظررکھیں گے۔