لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان میں پہلی بار منعقد ہونے والے عالمی کبڈی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے غیر ملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ آج سے شروع ہوگا۔ 9 سے 16 فروری تک منعقد ہونے والے میگا ایونٹ میں میزبان پاکستان سمیت ٹاپ دس ٹیمیں حصہ لے رہیں ہیں۔ پاکستان ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ گذشتہ روز بھی پنجاب سٹیڈیم لاہور میں جاری رہا۔ کھلاڑیوں نے کوچنگ سٹاف کی زیر نگرانی بھرپور پریکٹس کی۔ اس موقع پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چودھری شافع حسین نے سیکرٹری فیڈریشن رانا محمد سرور اور دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔ کبڈی فیڈریشن کے صدر چودھری شافع حسین کا کہنا تھا کہ شائقین کبڈی کو ایک بہترین ٹورنامنٹ دیکھنے کو ملے گا۔ ہماری ٹیم کی ورلڈ کپ تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں عوام قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے سٹیڈیم کی رونق بڑھائیں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے تمام مہمان ٹیموں کی سکیورٹی کے فورل پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے پنجاب سٹیڈیم میں جاری پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کے کیمپ کے موقع پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار کارکردگی دکھائیں۔ کبڈی ورلڈ کپ 2020ء میں ہونے والے میچز کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ افتتاحی اور اختتامی تقریبات پنجاب سٹیڈیم میں ہوں گی۔کبڈی ورلڈ کپ 2020ء میں پاکستان، بھارت، ایران، آسٹریلیا، جرمنی، کینیڈا، انگلینڈ، سرا لیون، کینیا اور آذربائیجان کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، پہلے روز9 فروری کو پنجاب سٹیڈیم میں پہلا میچ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان جبکہ دوسرا میچ ایران اور سرالیون کے درمیان ہوگا۔ دوسرے روز 10فروری کو پنجاب سٹیڈیم میں پہلا میچ بھارت اور جرمنی، دوسرا میچ آذربائیجان اور کینیا کے درمیان، تیسرا میچ ایران اور برطانیہ جبکہ چوتھا میچ آسٹریلیا اور کینیڈا کے درمیان ہوگا۔ تیسرے روز 11فروری کو پنجاب سٹیڈیم میں پہلا میچ آسٹریلیا اور آذربائیجان، دوسرا میچ برطانیہ اور جرمنی، تیسرا میچ سرا لیون اور بھارت جبکہ چوتھا میچ پاکستان اور کینیا کے درمیان ہوگا۔ چوتھے روز 12فروری کو اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں پہلا میچ آذربائیجان اور کینیڈا، دوسرا میچ ایران اور جرمنی، تیسرا میچ سرا لیون اور برطانیہ جبکہ چوتھا میچ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائیگا۔ پانچویں روز 13فروری کو اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں پہلا میچ کینیڈا اور کینیا، دوسرا میچ پاکستان اور آذربائیجان، تیسرا میچ ایران اور بھارت جبکہ چوتھا میچ سرا لیون اور جرمنی کے درمیان ہوگا،چھٹے روز 14فروری کو ظہور الٰہی سٹیڈیم گجرات میں پہلا میچ آسٹریلیا اور کینیا جبکہ دوسرا میچ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہوگا۔ ساتویں روز 15فروری کو پنجاب سٹیڈیم میں پہلا سیمی فائنل ونر ٹیم پول اے اور رنر اپ ٹیم پول بی جبکہ دوسرا سیمی فائنل ونر ٹیم پول بی اور رنر اپ ٹیم پول اے کے درمیان کھیلا جائے گا۔آٹھویں روز 16فروری کو پنجاب سٹیڈیم لاہور میں تیسری اور چوتھی پوزیشن سمیت فائنل میچ کھیلا جائیگا۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ایک کروڑ جبکہ رنرزاپ ٹیم کو 75 لاکھ روپے بطور انعام دئیے جائیں گے۔ محکمہ خزانہ پنجاب نے کبڈی ورلڈکپ کیلئے فنڈز جبکہ پنجاب حکومت نے 2 کروڑ 60 لاکھ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ بھی جاری کر دی۔ کبڈی ورلڈ کپ کیلئے ٹکٹوں کی فروخت بھی جاری ہے۔