لاہور(سپورٹس رپورٹر) سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر پر بدھ کے روز پنجا ب سٹیڈیم سے چیئرنگ کراس تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سیکرٹری سپورٹس، یوتھ افیئرز، آرکیالوجی و ٹورازم پنجاب احسان بھٹہ اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کی، ریلی میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے ملازمین نے بھرپور شرکت کی، ریلی میں کشمیر یوں پر بھارتی مظالم کی مذمت اور کشمیریوں بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا،شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان، بھارتی مظالم ہائے ہائے کے نعرے لگائے۔کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کیلئے لاہور کے جوہر ہاکی سٹیڈیم میں ہاکی فیسٹیول ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ پاک ہیروز اور محمڈن ہاکی کلبوں کے اشتراک سے منعقد ہاکی فیسٹیول میں برہان الدین وانی الیون اور سردار عبدالقیوم الیون نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ جوہر ہاکی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ہاکی فیسٹیول میں پہلا میچ برہان الدین وانی شہید الیون اور مقبول بٹ شہید الیون کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا گیا جس میں برہان الدین وانی شہید الیون نے میچ چار دو سے جیت لیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے عبدالحنان شاہد نے دو جبکہ رمیز تنویر اور سلمان احمد نے ایک ایک گول سکور کیا۔ دوسرا میچ سردار عبدالقیوم الیون اور سردار سکندر حیات الیون کے درمیان کھیلا گیا۔ جس میں عبدالقیوم الیون نے چھ دو سے کامیابی اپنے نام کی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے عمر حسن بٹ نے ہیٹ ٹرک سمیت چار گول سکور کیے۔ ہاکی فیسٹیول کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر بحریہ یونیورسٹی شاہد وائیں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔