ترک صدر14فروری کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سےخطاب کریں گے

ترک صدر رجب طیب اردوان اس ماہ کی 14 تاریخ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔یہ بات قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے آج اجلاس کے دوران بتائی، سپیکر نے کہا کہ وہ اس حوالے سے تمام پارلیمانی رہنماوں سے مشاورت بھی کریں گے۔

وقفہ سوالات کے دوران پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ زین قریشی نے ایوان کو بتایا کہ حکومت مالیاتی نظم و ضبط، معاشی استحکام اور شرح نمو بڑھانے کاعمل یقینی بنانے کےلئے ضروری اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بنیادی اصلاحات اور استحکام کے اقدامات کے ذریعے معیشت کی بحالی کا عمل شروع کردیا گیاہے جن میں ٹیکس کے دائرہ کار کو وسعت دینے، سرکاری شعبے کے اداروں کی تشکیل نو اورمالیاتی خسارے کو کم کرنا  شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی تحفظ کا نظام اورترقیاتی اخراجات کو نہ صرف تحفظ دیا گیا ہے بلکہ ان میں خاطر خواہ اضافہ کیا جارہا ہے۔

 پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ متعدد اقدامات کی بدولت مہنگائی کی شرح کم کی جارہی ہے  ان اقدامات میں سٹیٹ بنک سے قرضہ نہ لینا بھی شامل ہے، انہوں نے اس تاثر کو مسترد کردیاکہ حکومت نیا بجٹ لانے پر غور کررہی ہے۔

تجارت کی پارلیمانی سیکرٹری عالیہ حمزہ ملک نے ایوان کو بتایا کہ ایران اور پاکستان نے مال کے بدلے مال کی تجارت کے طریقہ کار وضع کرنے اور کسٹمز، زراعت اورصنعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے مذاکرات کئے ہیں، انہوں نے کہاکہ برآمدات میں اضافہ  جبکہ درآمدات میں کمی ہوئی ہے۔

 پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا ہے کہ ایک ایسا قانون لایا جائے گا جس کے تحت وزیراعظم ایک سے زائد  کیمپ آفس نہیں  رکھ سکیں گے۔

ای پیپر دی نیشن