لاہور (خصوصی نامہ نگار) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر اور جامع محمدی اہلحدیث سنت نگر فردوس پارک کے خطیب مولانا فضل الرحمنٰ بن محمد نے کہا ہے کہ قیام پاکستان سے لیکر اب تک کشمیری عوام بھارتی جبرو استبداد کا مقابلہ کر رہے ہیں انہیں ان کے حق سے محروم رکھا جا رہا ہے اس کے علاوہ دنیا کے بیشتر خطوں میں مسلمانوں پر ظلم و جبر ڈھایا جا رہا ہے اور 50 سے زائد اسلامی ممالک ان کے لئے کچھ بھی کرنے سے قاصر ہیں۔ اس کی وجہ صرف اور صرف ہمارے اندر کی ایمانی کمزوریاں ہیں۔ ہم اجتماعی اور انفرادی طور پر خود کو پرکھیں کہ کیا ہمارا سب کچھ دینی اور اسلامی تقاضوں کے مطابق ہے ہم مسلکی طور پر ایک آواز نہیں ہو سکے۔ فرقہ بندی ہماری کمزوریوں کی بنیاد ہے جس سے ہماری اجتماعیت کو شدید زک پہنچ رہی ہے اور اسلام دشمن اس کا بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اگر ہمیں خود کو منوانا ہے تو اپنے تمام فروعی اختلافات اور دشمنیوں کو پس پشت ڈال کر ایک دوسرے کو گلے لگانا ہو گا۔