ٹریفک روانی درست نہ ہونے کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثرہیں:طاہر منظور 

Feb 06, 2021

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے نائب صدر طاہر منظور چودھری نے ٹریفک سسٹم میں بہتری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے ٹریفک کا بہاؤ بہت ضروری ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ٹریفک پولیس راشد حیات سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید حماد عابد شہر میں ٹریفک کی روانی قائم رکھنے کے لیے گرانقدر اقدامات اٹھارہے ہیں مگر ابھی مزید بہترکرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ برانڈرتھ روڈ سمیت دیگر مارکیٹوں میں ٹریفک کا نظام درست نہ ہونے کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں، ٹریفک وارڈنز کی تعداد میں اضافہ کرکے اوراضافی ٹریفک کو متبادل روٹس پر بھیج کر صورتحال بہتر کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای چالان سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی حوصلہ شکنی ہورہی ہے، ٹریفک حادثات روکنے کے لیے یو ٹرنز کا ڈیزائن درست کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ٹیپا متعلقہ جگہوں پر لائنوں کے ذریعے پارکنگ ایریا کی نشاندہی کرے، ون وے کی خلاف ورزی کنٹرول کرنے کے لیے سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔

مزیدخبریں