مظفرآباد (اے پی پی) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر برطانوی پارلیمنٹ کے 39 ارکان پارلیمنٹ اور برطانیہ میں کشمیری کمیونٹی کے رہنماؤں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت یورپ امریکہ کی حکومتوں اور فیصلہ ساز اداروں کو بتا رہا ہے کہ وہ بھارتی غیر قانونی قبضے والے کشمیر میں دہشت گردوں سے لڑ رہا ہے لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے وہ نہتے، کمزور اور غیر مسلح شہریوں کو کچل رہا ہے، انہیں قتل کر رہا ہے اور ان کی زمین کاروبار اور روزی روٹی چھین کر ان کی نسل کشی میں مصروف ہے۔ انہوں نے برطانوی اراکین پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ اپنا اثر و رسوخ استعمال کر کے مغربی ممالک کی حکومتوں کو یہ پیغام دیں کہ اگر وہ بھارت کو لگام دیں اور اگر وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے تو دنیا میں قانون کی حکمرانی اور عالمی نظام اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کس قدر ستم ظریفی کی بات ہے کہ بھارت جرم بھی کر رہا ہے اور وہ یہ بھی چاہتا ہے کہ اسے دنیا مجرم نہ ٹھہرائے۔ بھارت کا یہ رویہ دنیا کو کسی صورت قابل قبول نہیں ہونا چاہیے۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی قبضے والے کشمیر میں بھارت کے انسانیت کے خلاف جرائم پر معاشی پابندیاں عائد کی جائیں ۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، سیکرٹری جنرل اور حقوق انسانی کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی غیر قانونی قبضے والے کشمیر کی صورت حال کا نوٹس لیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاستیں ہیں اور بھارتی مظالم دونوں جوہری طاقتوں کو جنگ کی طرف لے جا رہے ہیں اور اگر دونوں ملکوں کے درمیان جنگ ہوئی تو یہ جنگ آسانی سے جوہری ٹکراؤ میں بدل سکتی ہے۔ انہوں نے برطانوی اراکین پارلیمنٹ اپنے وزیراعظم اور وزارت خارجہ سے مطالبہ کریں کہ وہ سلامتی کونسل میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کو زیر بحث لائیں اور سلامتی کونسل کو کشمیر کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عمل در آمد کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
صدر آزاد کشمیر سردار مسعود کا 39 برطانوی ارکان پارلیمنٹ، کشمیری کمیونٹی سے ویڈیو خطاب
Feb 06, 2021