سرینگر (اے پی پی ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے حق خود ارادیت کے حصول کی حق پر مبنی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کی حکومت اور عوام سے اظہار تشکر کیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ورکنگ وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے لوگ بھارت کے بدترین مظالم کا سامنا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس ابتر صورتحال میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی یہ مستحکم رائے ہے کہ پاکستان کی طرف سے محکوم کشمیریوں کے لیے اس بھر پور جوش و جذبے کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھارتی قبضے سے آزادی کے مقدس مشن کو آگے بڑھانے میں یقینا ان کیلئے حوصلہ افزائی کا باعث ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن بھارتی غیر قانونی قبضے والے کشمیر کے لوگوں اور انکی قیادت کے لیے خوشی کا باعث ہوتا ہے کہ وہ اپنے عظیم مقصد میں تنہا نہیں ہیں ۔دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں غلام محمد خان سوپوری، مولوی بشیر احمد، بلال صدیقی، جہانگیر غنی بٹ، فریدہ بہن جی، عاقب وانی ، کشمیر تحریک خواتین اور تحریک وحدت اسلامی نے اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیریوں کی قربانیوں اور پاکستان کی سفارتی کوششوں کی وجہ سے کشمیر عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے اور بھارت کو غیر قانونی قبضے والے کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر خفت کا سامنا ہے۔ سرینگر اور مقبوضہ علاقے کے دیگر مقامات پر کل جماعتی حریت کانفرنس، وارثین شہداجموںوکشمیر اور جموںوکشمیر سٹوڈنٹس اینڈ یوتھ فورم کی طرف سے پاکستانی پرچم والے پوسٹر اور بینر لگائے گئے ۔دریں اثنا بھارتی انتظامیہ نے پاکستان اور دنیا کے دیگر حصوں میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سرگرمیوں کے بارے میں لوگوں کو معلوما ت کے تبادلے سے روکنے کیلئے مقبوضہ وادی کے کئی اضلاع میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی۔بدنام زمانہ بھارتی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے اہلکاروں نے بھارتی پیرا ملٹر ی اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ سرینگر کے علاقے بگوانپورہ میں ایک تاجر فیروز احمد ملہ کے گھر پر چھاپہ مارا۔کشمیر پریس کلب نے سرینگر میں ایک بیان میں کشمیر میں قائم دو نیوز پورٹلز کے خلاف مقدمہ درج کیے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔جموںوکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی اور جموںوکشمیر پیر پنچال فریڈم موومنٹ کے نائب چیئرمین قاضی عمران نے اسلام آباد میں جاری اپنے بیانات میں کشمیر کاز کی مسلسل حمایت پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔