ترکی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، مہمت مالتا

اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) ترکی نے ایک مرتبہ پھر کشمیری عوام کے حق خود اختیاری کی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ ترکی کشمیریوں کی جدوجہد حق خود اختیاری کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے گذشتہ روز ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں ایک تقریب پاکستانی سفارتخانہ میں منعقد ہوئی جس میں ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے ماحولیاتی کمیشن کے چیئرمین مہمت مالتا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کی اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان منفرد نوعیت کی دوستی اور گہرے مراسم ہیں۔ صدر طیب اردوگان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کے حق خود اختیاری کی حمایت کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی طرح ترکی کے عوام کے دلوں میں بھی کشمیریوں کیلئے ہمدردی کے جذبات ہیں۔ مہمت مالتا نے پانچ اگست 2019 کے غیر قانونی اقدام کی مذمت کی۔ تقریب میں پاکستان کے سفیر سائرس سجاد قاضی نے خطاب کیا۔ ڈپٹی چیف آف مشن ارشد جان پٹھان نے یوم یکجہتی کے موقع پر پاکستان کے صدر اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔

ای پیپر دی نیشن