نوائے وقت  گروپ کی روایت برقرار‘ دفتر کے باہر یکجہتی کشمیر ریلی نکالی  

لاہور (نیوز رپورٹر) نوائے وقت گروپ نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ’’یوم کشمیر‘‘ کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ہیڈ آفس کے باہر ریلی کا انعقاد کیا جس میں نوائے وقت گروپ کے کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کارکنوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر بنے گا پاکستان، ظالم تیرا ظلم رہے گا مرتے دم تک یاد، کشمیر ہماری شہ رگ ہے، پاک فوج زندہ باد سمیت دیگر نعرے درج تھے۔ ریلی کی قیادت نوائے وقت گروپ کے ڈائریکٹر  لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ ندیم قادری نے کی۔ ریلی میں ڈائریکٹر مارکیٹنگ بلال بٹ، ایڈمن مینجر چودھری شفیق سلطان، جی ایم فنانس عماد صدیق، ہیڈ آف آئی ٹی قیصر ندیم سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر لیفٹینٹ کرنل ریٹائرڈ ندیم قادری نے کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لئے کہا کہ کشمیری لوگ اور ان کے رہنما اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کی حمایت ہر سفارتی فورم پر کرتا رہے گا۔ عالمی طاقتیں اقوام متحدہ  پر دبائو ڈالیں کہ وہ اپنی  قرادادوں کی روشنی میں کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ کرے۔

ای پیپر دی نیشن