اسلام آباد(نیوزرپورٹر)سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چیئرمین سینٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ کشمیری آج دنیا کی مظلوم ترین قوم اور مودی سب سے بڑا ظالم و جابر حکمران ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حریت رہنما عبدالحمید لون، سید منظور احمد شاہ، ڈاکٹر مجاہد گیلانی، راجا خادم حسین، محمد شفی ڈار، زاہد، عابد خان عباسی بھی موجود تھے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا آج ہم مظلوم کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کی مذمت کرنے جمع ہوئے ہیں،آج کشمیر میں بھارتی کرفیو، ظلم و بربریت کا 550 واں سیاہ ترین دن ہے۔ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے تاریخ کے لمبے ترین کرفیو سے مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب بڑا جیل و ٹارچ سیل بن چکا ہے بدقسمتی سے وزیراعظم عمران خان آج بھی کشمیر میں این آر او کی بات کر رہے تھے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا وزیراعظم کو یوم یکجہتی کشمیر پر سیاست کی بجائے کشمیر پر بات کرنی چائیے تھی۔ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم کو متحد کرنا وزیراعظم کی ذمہ داری ہے۔ افسوس کہ اتحاد کی بجائے وزیراعظم آج نفاق کی بات کر رہے ہیں۔ وزیراعظم قوم کو یہ بتائیں کہ کشمیر پر اب تک انھوں نے کیا کیا؟ سینیٹر رحمان ملک نے کہا عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ عدل و انصاف کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔