قوم فوج کیخلاف بات سننے کو تیار نہیں، جوکریگا اسکی زبان گُدی سے کھینچ لیں گے: شیخ رشید

Feb 06, 2021

اسلام آباد(نیوزرپورٹر/ اپنے سٹاف رپورٹرسے) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو ظلم و جبر سے مزید قید نہیں رکھا جا سکتا،آج کا کشمیری نوجوان اپنی آزادی کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے،انشااللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کریں گے، ہندوستان سے آزادی مظلوم کشمیریوں کا مقدر ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم  یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کیا۔  انہوں نے کہا  پاکستان نے ہمیشہ ہر فورم پر کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی ہے اور ہندوستان کے فاشسٹ چہرے کو بے نقاب کیا ہے۔ دریں اثناء لال حویلی  کے باہر یوم کشمیر کے حوالے سے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے  شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جدوجہد کشمیر میں لال حویلی کا کردار ناقابل فراموش ہے جب بھی وقت آیا لال حویلی ملک و قوم کے دفاع کیلئے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہوگی پی ڈی ایم راولپنڈی کا رخ کرنے سے ڈرتی ہے زرداری گرو نکلے اپنی ضمانت کنفرم کرالی مریم نواز کو باہر جانے دیں تو پی ڈی ایم ہی ختم ہوجائے۔ پیپلز پارٹی ن لیگ کے ساتھ نہیں چلے گی ،میرے مرنے کے بعد جب کوئی تاریخ لکھے گا تو جہدوجہد آزادی کشمیر میں لال حویلی کے کردار کو فراموش نہیں کر سکے گا۔  یہ قوم پاک فوج کے خلاف کوئی بات سننے کیلئے تیار نہیں جو بھی پاک فوج کے خلاف بات کرے گا ہم اس کی زبان گدی سے کھینچ لیں گے۔  ہماری عظیم فوج نے دہشت گردی کے خلاف ہزاروں لاکھوں جانوں کے نذرانے دے کر اس ملک کو دہشت گردی سے پاک کیا پوری قوم اپنی مسلح افواج پر فخر کرتی ہے۔

مزیدخبریں