اسلام آباد (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی اور تجدید عہد کے روز بھی مریم نواز بغض عمران میں مبتلا ہیں۔ سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر شبلی فراز نے کہا کشمیری بھائیوں سے یکجہتی اور تجدید عہد کے روز بھی مریم نواز بغض عمران میں مبتلا ہیں۔ یہ عمران خان کی دشمنی میں اندھے ہو چکے ہیں۔ انہیں نہ تو کشمیر کاز سے دلچسپی اور نہ ہی ملکی مفاد عزیز ہے۔ قومی مفاد پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینا ان کا ہمیشہ سے شیوہ رہا ہے۔ دریں اثناء لوک ورثہ میں یوم کشمیر کے حوالے سے تصویری نمائش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ 5 فروری دنیا بھر کے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا ثبوت ہے۔ وزیراعظم نے عالمی سطح پر کشمیریوں کے لیے موثر طور پر آواز اٹھائی ہے۔ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرایا جائے۔ شبلی فراز نے کہا کہ پانچ فروری کے حوالے سے تصویری نمائش میں شرکت کو قابل فخر سمجھتا ہوں۔ 5فروری شہید کشمیریوں اور ان کی قربانیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان لاکھوں کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جو آزادی کی نعمت سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے اپنے غصبانہ طرز عمل سے انسانی حقوق کو پامال کیا ہے۔ ہندوستان نے کشمیریوں کی قانونی حیثیت کو ختم کیا ہے۔ کشمیری بھارت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ وزیراعظم نے عالمی سطح پر کشمیریوں کے لیے موثر طور پر آواز اٹھائی ہے۔ اکیسویں صدی میں اپنی آزادی کے لیے پرامن جدوجہد کرنے والوں پر بھارتی حکومت نے وحشیانہ طرزعمل اختیار کر رکھا ہے۔ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرایا جائے۔
کشمیریوں سے یکجہتی والے روز بھی مریم نواز بغض عمران میں مبتلاہیں ، ذاتی مفادات کو ترجیح انکا شیوہ: شبلی فراز
Feb 06, 2021