نئی دہلی(آئی این پی) بھارت میں کسان تحریک کا معاملہ کرکٹ ٹیم کے ڈریسنگ روم تک پہنچ گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل کپتان ویرات کوہلی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ٹیم میٹنگ میں کسان تحریک کے بارے میں بات چیت ہوئی تھی جس میں سبھی نے اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا۔ ویرات کوہلی نے کسان تحریک پر اس وقت گفتگو کی جب صحافی نے کوہلی سے ان کے ٹویٹ کے بارے میں پوچھا جس میں انہوں نے کسانوں کے احتجاج کے بارے میں لکھا تھا۔بھارتی کپتان نے لکھا تھا کہ اختلاف کے اس وقت ہم سب متحد رہیں، کسان ہمارے ملک کا اٹوٹ حصہ ہیں، مجھے یقین ہے کہ تمام فریقین کے مابین دوستانہ حل نکالا جائے گا۔ویرات کوہلی نے بتایا کہ ٹیم میٹنگ میں کسانوں کے نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں تمام کھلاڑیوں نے اپنی اپنی رائے پیش کی۔