کراچی(پی پی آئی) کراچی میں گھی، دالوں اور چاولوں سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ایک بار پھر سے اضافہ کر دیا گیا۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی سے یومیہ اجرت پیشہ اور تنخواہ دارطبقے کیلئے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔پٹرول ، بجلی اور گیس کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات کراچی میں گھی، کوکنگ آئل، دالوں، چاولوں، سفید اور کالے چنے سمیت دیگر بنیادی اشیا پر پڑے ہیں، قیمتوں میں فی کلوگرام 25 سے 30 روپے تک کااضافہ دیکھا گیا ہے۔ بڑھتی مہنگائی سے شہری بِلبِلا اٹھے، کہتے ہیں مہنگائی نے ان کا جینا محال کررکھا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ یومیہ اجرت پیشہ اور تنخواہ دارطبقے کیلئے موجودہ صورتحال میں دال روٹی پورا کرنا بھی ناممکن ہوتا جارہا ہے۔