ملتان(خبر نگار خصوصی)تھانہ نیو ملتان کی حوالات میں بند ڈکیتی کے مقدمے کے ملزم نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی جس پر پولیس کے اعلیٰ حکام نے تین اہلکاروں کو معطل کردیا ہے جبکہ ایس ایچ او کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے تھانہ کی حوالات میں دہلی گیٹ کا رہائشی 27 سالہ حمزہ بند تھا ملزم نے جمعرات اور جمعے کی درمیا نی شب پھندے سے جھول کر خودکشی کر لی حمزہ نے حوالات کے باتھ روم پر چادر باندھ کر اس کے ساتھ لٹک کر خودکشی کی واقعہ کی اطلاع پر ایس پی گلگشت سمیت پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے جس پر محرر نائب محرر اور سنتری کو معطل کردیا گیا جبکہ ایس ایچ او کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے متوفی کی میڈیکل رپورٹ آنے پر مزید کارروائی کی جائے گی فرانزک ٹیم نے بھی موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں پولیس کے مطابق ملزم نشے کا بھی عادی تھا اس پہلے بھی کئی مقدمات میں گرفتار ہو چکا تھا۔