لاہور (سٹی رپورٹر) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے نوائے وقت دفاتر کے باہر مظاہرہ کیا گیا جس میں ڈائریکٹر جنرل آپریشنز نوائے وقت گروپ لیفٹیننٹ کرنل (ریٹائرڈ) سید احمد ندیم قادری، تمغہ ا متیاز کی قیادت میں ڈائریکٹر پراجیکٹ محمد اطہر، ڈائریکٹر ریکوری محمد اختر ، ڈائریکٹر مارکیٹنگ بلال محمود ، منیجر ایچ آر شفیق سلطان ، آئی ٹی ہیڈ قیصر ندیم ، جی ایم فنانس عماد صدیقی، ایڈیٹر خالد بہزاد ہاشمی ، ایڈیٹر شعیب مرزا، خالد یزدانی ، فیصل ادریس بٹ ،خاور عباس سندھو ، غلام نبی بھٹ ، محمد امین سمیت ادارے کے تمام کارکنان نے شرکت کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز نوائے وقت گروپ لیفٹیننٹ کرنل سید احمد ندیم قادری (ریٹائرڈ) نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ کشمیر میں استصواب رائے اقوام متحدہ کی قراردادوں میں موجود ہے اور یہ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کا فرض ہے کہ وہ استصواب رائے کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ 5 اگست 2019ء کے غیر قانونی، غیر آئینی بھارتی اقدام کو ہم مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ آئینی پوزیشن کو بحال کیا جائے۔ مودی سرکار اپنے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیر کی مسلمان آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی گھٹیا حرکتیں کر رہی ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کو اسے اس عمل سے روکنا ہوگا۔ مسلم امہ پر فرض ہے کہ وہ اپنے مسلمان کشمیری بھائیوں کی مدد کے لیے علامتی کے بجائے عملی اقدامات کریں۔ ہندوستان سے تمام تر تجارت اور لین دین کا بائیکاٹ کریں۔ خلیجی ممالک انڈیا کو تیل و گیس کی سپلائی بند کریں اور مسلمان ممالک میں کام کرنے والے ہندوستانی شہریوں کو نکال باہر کریں تو چند دن میں ہندوستان کے ہوش ٹھکانے آجائیں گے۔ کرنل قادری نے مزید کہا کہ نوائے وقت نے ہمیشہ کاز کا ساتھ دیا ہے۔ مجید نظامی مرحوم کشمیر کی آزادی کے بہت بڑے داعی تھے۔ ان کی صاحبزادی محترمہ رمیزہ مجید نظامی ان کے مشن کو آگے بڑھانے میں پیش پیش ہیں۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اس چیرہ دستی کا نوٹس لیں اور عالمی ضمیر کو جھنجوڑیں۔ مسئلہ حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ ہندوستان جتنی جلدی اس حقیقت کو تسلیم کرے اس کے لئے اتنا ہی اچھا ہے ورنہ ہندوستان کی وحدت کو پارہ پارہ ہونے سے کوئی طاقت اس کو نہیں بچاسکتی اور معصوم کشمیریوں کاخون ایک دن رنگ لا کر رہے گا اور انہیں آزادی سے ہمکنار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ رمیزہ مجید نظامی کی قیادت میں نوائے وقت کشمیری مسلمانوں کو آزادی حاصل ہونے تک ان کا ہمیشہ ساتھ دیتا رہے گا۔ اس موقع پر ملکی سلامتی و استحکام ، کشمیر کی آزادی اور مسلم امہ کے اتحاد کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔